پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس(دستور) کے صدر محمد نواز رضا‘ سیکرٹری سہیل افضل خان نے اپنے ایک بیان میں نجی ٹی وی چینل فائیو کے خلاف پیمرا کی حالیہ کارروائی کو افسوسناک قرار دیا ہے انہوں نے بیان میں کہا کہ آئین پاکستان کے دائرے میں رہ کر اظہار خیال کو روکا نہیں جاسکتا‘ اور پیمرا کو چاہیے کہ وہ اپنی کارروائی سے قبل آئین پاکستان کی روشنی میں اپنے فیصلوں اور اقدامات کا جائزہ لے‘ انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان رابطوں کا ذریعہ ہے عوام اور اس کے نمائندوں نے اپنی گفتگو‘ اپنی بات اور اپنے مطالبات میڈیا کے ذریعے ہی حکومت تک پہنچانے ہوتے ہیں لہذا پیمرا اپنی کارروائی اور فیصلوں سے یہ ضرور دیکھے کہ کیا اظہار رائے آئین کے دائرے میں رہ کر کیا گیا ہے یا نہیں‘ انہوں نے کہا کہ صرف اپنی تسکین اور میڈیا کو دبائے رکھنے کی غرض سے کی گئی کارروائی فائدہ پہنچانے کی بجائے بیک فائر کرتی ہے‘ اور ہم اپنے پلیٹ فارم سے ہر اس کارروائی کی مذمت کریں گے جو بلا جواز ہوگی اور جس کا مقصد صرف میڈیا پر دباؤ بڑھانا ہوگا
