عبد الغفار عزیز انتقال کرگئے

جماعت اسلامی پاکستان کے شعبہ امور خارجہ کے نگران عبد الغفار عزیز انتقال کرگئے‘ مرحوم کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کئی ماہ سے ان کا علاج جاری تھا‘ تاہم صحت یاب نہیں ہوسکے اور موزی مرض کینسر نے ان کی زندگی کو شکست دے دی‘ مرحوم نے جماعت اسلامی کے مرکزی امراء قاضی حسین احمد‘ سید منور حسن اور سراج الحق کے ساتھ شعبہ امور خارجہ میں خدمات انجام دیں‘ چین‘ یورپی ممالک‘ عرب ممالک اور متعدد ایشائی ممالک کی اسلامی تنظیموں کی دعوت پر ان ممالک کے دورے کیے‘ عرب دنیا کے حالات پر ان کی گہری نظر تھی‘ مصر کی اخوان المسلمین قیادت کے ساتھ ان کے رابطے تھے‘ عراق‘ لیبا‘شام‘ فلسطین‘ سعودی عرب‘ خلیجی ممالک‘ بنگلہ دیش‘ برما‘ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے حالات پر انہوں نے قومی اخبارات میں مضامین لکھے اور مسلم دنیا کے ان حالات پر جماعت اسلامی کی نکتہ نظر کی مکمل وضاحت کی‘ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت‘ سینیٹرسراج الحق‘ لیاقت بلوچ‘ امیر العظیم اور دیگر نے ان کے انتقال پر تعزیت کی ہے