وفاقی حکومت کی اجازت ملنے کے بعد ٹماٹر سے لدے 8 ٹرک ایران سے تفتان پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ایران سے ٹماٹر کی درآمد شروع ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ملک میں مہنگائی کی لہر اور ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے وفاقی حکومت نے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔حکومت سے اجازت ملنے کے بعد ایران سے ٹماٹروں کے 8 ٹرک تفتان بارڈر پر پہنچ چکے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق تفتان کسٹم ہاؤس کے آفیسرعبدالہادی کا کہنا ہے مشترکہ بازار میں آج 8 ٹرک کلیئرنگ کے لیے پہنچے ہیں جن کی کلیئرنگ کا کام بہت جلد کر لیا جائے گا ۔ ترجمان وزارت قومی تحفظ خوراک کے مطابق ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت ایک ماہ کے لیے دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے درآمد کی اجازت دی گئی ہے اور نجی شعبے کو بھی ٹماٹر کی درآمد کے پرمٹ جاری کررہے ہیں اور قیمتوں میں استحکام نہ آنے کی صورت میں درآمدی اجازت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتیں ایک بار پھر آسمان پر پہنچ گئی ہیں اور کراچی میں ٹماٹر 160 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ٹماٹر کے ساتھ پیاز کی درآمد کی بھی اجازت دی گئی ہے جبکہ ٹماٹر کی درآمد شروع ہوگئی ہے جبکہ پیاز کی درآمد بھی جلد شروع کی جائے گی۔ یاد رہے کہ ملک میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
