ایپکا کی اپیل پر ملک بھر سے سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ

اسلام آباد میں ایپکا کی اپیل پر ملک بھر سے سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں نے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا‘ اور شاہراہ دستور پر دھرنا دیا‘ مظاہرین کی قیادت حاجی ارشاد‘ سید صدیق اور عمران مغل اور دیگر نے کی‘ مظٖاہرے میں سندھ‘ پنجاب‘ کے پی کے‘ بلوچستان‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین شریک ہوئے ان کامطالبہ ہے کہ انہیں وفاقی ملازمین کو بھی دیگر صوبوں کی طرح150 فی صدایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے‘ بدھ کو سارا دن سرکاری ملازمین اور پولیس کے مابین آنکھ مچولی ہوتی رہی‘ملک بھر سے اسلام آباد آئی لیڈی ہیلتھ ورکرز، سرکاری ملازمین اور پینشنرز کا ڈی چوک پر دھرنا جاری ہے۔ ریڈ زون جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا کر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ آئے ہیں تو اپنا حق لے کر ہی جائیں گے۔ملک بھرسے آئی لیڈی ہیلتھ ورکرزا پنے ساتھ بستراوراضافی کپڑوں کے ساتھ دیگر سامان بھی لائی ہیں۔ کہتی ہیں سروس سٹریکچر اور مساوی تنخواہوں سمیت دیگر مطالبات کی منظوری تک یہیں ہیں۔ مظاہرین اب بھی رات گئے تک ڈی چوک میں بیٹھے ہوئے ہیں سراپا احتجاج سرکاری ملازمین اور لیڈی ہیلتھ ورکرز سے مذاکرات کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی نہیں آیا تاہم اپوزیشن پارٹیز کے رہنما اظہار یکجہتی کے لیے ضرور پہنچے۔