کورونا کی دوسری لہر‘ شاپنگ مال اور تجارتی مراکز کے اوقات کار تبدیل کرنے کافیصلہ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے انتظامیہ نے کمر کس لی ہے اور ملک بھرمیں ماسک کے استعمال پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی۔این سی او سی نے کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے 11 شہروں کے لیے یہ ہدایات جاری کی ہیں۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی،ملتان،حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔ان تمام شہروں میں(آج )جمعرات 29 مئی 2020ء سے این سی او سی کے فیصلے نافذ کردیے جائیں گے۔حکمت عملی کے تحت آج سے شہریوں کے لیے گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا جائے گا۔ رات 10 بجے تک آج سے تجارتی مراکز کو بند کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پبلک پارکس سمیت دیگر تفریحی مقامات کو بھی روزانہ شام 6 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیکل اسٹورز، اسپتال کْھلے رکھنے کی اجازت ہوگی ۔انتظامیہ کی جانب سے کورونا ہاٹ اسپاٹس کے علاقوں میں ٹیسٹنگ ، ٹریسنگ اینڈ کوارنٹین (ٹی ٹی کیو) حکمت عملی کے تحت اقدامات تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی دارالحکومت میں بغیر ماسک پہنے گھر سے نکلنے والوں کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ماسک پہنے بغیر گھر سے نکلنے والوں کیخلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔
