جعلی ہاؤسنگ سکیم “ المکہ سٹی “ کے مالک فیاض فرید گرفتار

چکری انٹرچینج کے قریب قائم کی جانے والی جعلی ہاؤسنگ سکیم “ المکہ سٹی “ کے مالک فیاض فرید کو محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا

فیاض فرید نامی شخص جو کہ المکہ سٹی نامی جعلی ہاؤسنگ سکیم کا کرتا دھرتا ہے، اسے مورخہ 9 دسمبر 2020 کو محکمہ اینٹی کرپشن نے زمینوں کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرنے کے جرم میں FIR No. 11/19 (RWP) کے تحت گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ملزم نے اپنے پراجیکٹ تک سڑک کی رسائی فراہم کرنے کے لئے چکری انٹرچینج کے قریب واقع رہائشی پراجیکٹ قرطبہ سٹی کی ملکیتی زمین کے سرکاری ریکارڈ میں ناجائز رد و بدل کروائی اس سلسلہ میں متعلقہ پٹواری اور گردآور کو بھی محکمہ نے گرفتار کیا تھا جو کہ فی الوقت ضمانتوں پر رہا ہیں ۔ ذرائع کے مطابق قرطبہ سٹی انتظامیہ کی درخواست پر کاروائی کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کے سرکل آفیسر زاہد ظہور نے ملزم کو چاندنی چوک راولپنڈی میں واقع سوسائٹی دفتر سے گرفتار کر لیا ۔ واضح رہے کہ المکہ سٹی نامی یہ پراجیکٹ نہ تو آرڈی اے سے منظور شدہ ہے نہ ہی دیگر حکومتی محکموں سے منظوریاں حاصل کی گئی ہیں جبکہ پراجیکٹ ایریا تک پہنچنے کے لئے کوئی سرکاری یا غیر سرکاری راستہ بھی موجود نہیں۔ اس کے باوجود سوسائٹی انتظامیہ نے ملک گیر اشتہارات کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور قرطبہ سٹی پراجیکٹ کے راستہ کو اپنے پراجیکٹ کی اپروچ روڈ ظاہر کرتے رہے۔ باو ثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ قرطبہ سٹی انتظامیہ نے کروڑوں روپے خرچ کرکے اپنے پراجیکٹ کو موٹروے تک رسائی فراہم کرنے کے لئے3.5 کلومیٹر طویل ۱۰۰ فٹ چوڑی پرائیویٹ شاہراہ بنائی لیکن عوام کو دھوکہ دینے والے ان عناصر نے اس سڑک کو سرکاری راستہ ثابت کرنے کے لئے محکمہ مال کے عملہ کے ساتھ مل کر سرکاری ریکارڈ میں ردو بدل کی کوشش کی، صورتحال کا علم ہونے پر محکمہ نے کاروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ عوام کی جانب سے اینٹی کرپشن کی اس کاروائی پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے