اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ(ج) کے صدر محمد اقبال ڈار نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں باہمی لڑائی اور تصادم کی جانب جانے کی بجائے عوام کی مشکلات کے حل کی طرف بھی توجہ دیں، تحریک انصاف کا حالیہ دور بے روزگاری میں اضافے کا باعث بنا ہے اور تحریک انصاف نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا یہ وعدہ حکومت اور اپوزیشن کے باہمی تصادم کے باعث پورا ہوتا ہو انظر نہیں آرہا اور منتخب پارلیمنٹ کی نصف آئینی مدت بھی گزر چکی ہے، انہوں نے یہ بات مسلم لیگ(ج) کے آفس میں مسلم لیگ کے114ویں یوتاسیس کے حوالے سے مسلم لیگ(ج) کی جانب سے تقریب میں کہی تقریب میں مسلم لیگ کے یوو تاسیس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا، اور ملک کی سلامتی،مضبوط دفاع، اور قوم کی خوشحالی کے لیے دعاء مانگی گئی انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ملک میں روزگار کے ذرائع پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور اپوزیشن حکومت پر تنقید کرتی رہتی ہے یہ اس کا جمہوری حق ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ تصادم کی راہ پر چل نکلے ایسا کرنے سے ملک بھی ترقی نہیں کرتے اور معیشت بھی نقصان اٹھاتی ہے اور اس وقت یہی ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں روز گار پیدا کرے تاکہ بے روزگاری ختم ہو، اس وقت ہر شہر میں یہ دیکھا جارہا ہے کہ لوگ سڑکوں کے کنارے بیٹھے ہیں اور روز گار نہیں مل رہا یہ بہت تکلیف دہ صورت حال ہے یہ ماحول ختم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں امن آسکے کیونکہ بے روزگاری بھی جرائم میں اضافے کا ایک سبب ہے
