محترم جناب عمران خان صاحب
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان
جناب شیخ رشید احمد صاحب
وزیر داخلہ، وفاقی حکومت پاکستان
جناب ذوالفقار احمد صاحب
انسپیکٹر جنرل پولیس، اسلام آباد
سری نگر ہائی وے پر دو روز قبل اسلام آباد کا ایک معصوم نوجوان اسامہ ندیم ستی، پولیس کی بلا جواز بے رحمانہ، بہیمانہ فائرنگ کے نتیجے میں اپنی جان گنوا بیٹھا ہے، یہ واقعہ سری نگر ہائی وے پر ہوا، ہم سمجھتے ہیں کہ سری نگر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ پاکستان میں ممکن نہیں، کیونکہ یہاں ریاست مدینہ کی تشکیل کے لیے تحریک انصاف کی حکومت کوشاں ہے لیکن کیا کیجئیے؟
یہ واقعہ اسی ہائی وے پر ہوا ہے
جناب محترم
اسلام آباد کے شہری اس بات کے گواہ رہے ہیں کہ یہاں کا ماحول بہت پر امن تھا، لیکن اب یہاں ماضی جیسا ماحول نہیں رہا، کرائم ریٹ بڑھ رہا ہے، شہر میں گداگر مافیا چھایا ہوا ہے، نواحی بستیوں میں اور کچی آبادیوں میں جو کچھ ہو رہا ہے یہاں جرائم ختم کرنے کے لیے اسے بھی دیکھنے کی ضرورت ہے
ہماری گزارش ہے کہ
حکومت شہر پر توجہ دے، یہاں کرائم ریٹ کیوں بڑھ رہے ہیں اس کا جائزہ لیا جائے، اور اسامہ ندیم ستی جیسے نوجوان کیوں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں اس کا پورا پورا حساب کتاب ہونا چاہیے، یہ شہر کوئی لاوارث شہر ہے؟ کہ جس کا جی میں آئے معصوم شہریوں کو گولیاں مار دے، نہیں جناب یہ ہر گز لاوارث شہر نہیں ہے اور نہ یہ کراچی ہے اور نہ ہم اسے کراچی بننے دیں گے، مقتول اسامہ نے ضرور اللہ تعالی کو بتایا ہوگا کہ وہ کس طرح درندگی کا شکار ہوا
جناب محترم
یہاں آئے روز بلیو ایریا سمیت ہر مارکیٹ میں موبائل فونز چھینے جانے کی وارداتیں تیزی سے کیوں بڑھ رہی ہیں، یہ سب کچھ حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے، جرائم کی شرح بڑھ جانے سے ریاست مدینہ کے لیے حکومت کا تصور دھندلا رہا ہے
ہم قانون کی بالادستی کے لیے، امن کے لیے، انصاف کے لیے ہر وہ دروازہ کٹھکٹھائیں گے جہاں ضرورت ہوگی، زنجیر عدل ہلائیں گے،
ہمیں صرف انصاف چاہیے، اسامہ ندیم ستی ہمارے شہر کا قابل فخر نوجوان تھا، جو اپنے گھر والوں کے لیے ہلا ل روزی کے لیے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کی تلاش میں بھی رہتا تھا
ہماری اپیل ہے کہ
اسامہ ندیم ستی کے قتل کی اعلی عدالتی کمشن کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں
لواحقین کو وہ انصاف مہیا کیا جائے جو ان کے دل کی تسلی کے لیے ہر طرح سے تسکیم کا باعث ہو
مقتول اسامہ کے والد ندیم ستی جو کچھ کہہ رہے ہیں، ان کی بات پوری توجہ سے سنی جائے
اور مجرم قانون کے سامنے لائے جائیں
اس شہر کو پر امن بنایا جائے
منجانب
عمران بخاری
فنانس سیکرٹری اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد
سابق سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز
نائب صدر پاکستان بزنس فورم اسلام آباد