فیصل آباد:
حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی راہنما حافظ شفیق کاشف نے سعودی حکومت کی طرف سے پروازوں کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی حکومت عمرہ زائرین پر عائد عمر کی شرط بھی ختم کرے تاکہ مسلمانوں کو عمرہ کی سعادت میں مزید سہولت میسر آسکے۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے کے بعد عمر کی شرط عائد کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سعودی حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے تباہ حال نجی شعبے پر رحم کریں اور یہ پابندی فوری ختم کی جائے۔ حافظ شفیق کاشف نے کہا ہے کہ لاکھوں افراد کو روزگار اور حکومت کو اربوں روپے ٹیکس دینے والی ’ٹریول ٹریڈ انڈسٹری ‘تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ سرکاری سطح پراس صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری معاونت فراہم نہ کی گئی تواس شعبہ اور اس سے وابستہ لاکھوں افراد کی معاشی بحالی میں کئی برس درکار ہوں گے اور ملک کو ریونیو کی فراہمی میں بھی نقصان ہوگا جو ملک کے لئے اچھی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں سیاحت کا شعبہ سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے اور اس سے منسلک دیگرتمام شعبوں میں گزشتہ ایک سال سے کام بند ہے۔ انہوں نے کہاکہ 18 سال سے کم اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد اب بھی عمرہ کی سعادت حاصل نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے عمرہ انڈسٹری تباہ ہو گئی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کی حکومتوں سے استدعا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے کر خصوصی اقدامات کریں۔