آزادکشمیر میں اگلے چند ماہ میں الیکشن ہونے والے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کیے ہوئے ہیں، عوام سے ووٹ لینے کیلئے جہاں سیاسی جماعتیں اور امیدوار ہر حلقہ انتخاب میں جلسے ، کنونشن اور کارنر میٹنگز میں مصروف ہیں وہاں تمام سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا کو عوامی رائے ہموار کرنے کیلئے ایک موثر ہتھیار کے طور پر بھی استعمال کر رہی ہیں، مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف، مسلم کانفرنس اپنی جماعتوں میں سوشل میڈیا ونگز متعارف کرانے اور عہدیدار بنانے سمیت سوشل میڈیا کنونشن بھی کرا چکی ہیں۔سوشل میڈیا پر آزادکشمیر کے انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات کس قدر مقبول ہیں ؟اس حوالے سے شعور و آگاہی کیلئے سرگرم تنظیم لائف سپورٹ اینڈ ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن (ایل ایس ڈی ایف) کا سروے سامنے آیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سردار تنویر الیاس خان جنہیں وزیر اعظم عمران خان نے چند ماہ قبل ہی آزادکشمیر کی سیاست میں کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے وہ سوشل میڈیا پر چھ لاکھ 35 ہزار چھ سو فالورز کے ساتھ وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان، بیرسٹر سلطان محمود، مشتاق منہاس سمیت آزادکشمیر کے تمام سیاستدانوں پر بازی لے چکے ہیں۔سردار تنویر الیاس خان کے فیس بک پیج پر پانچ لاکھ سات ہزار فالوورز ہیں، انسٹاگرام پر آٹھ ہزارجبکہ ٹویٹر پر 57 ہزار چھ سو لوگ اِنہیں فالو کرتے ہیں ۔وزیر اطلاعات آزادحکومت اور چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ مشتاق منہاس کو سوشل میڈیا پر چار لاکھ 65 ہزار چار سو دس افراد فالو کرتے ہیں، ٹویٹر پر ان کے تین لاکھ 97 ہزار فالورز ہیں،مشتاق منہاس کی فیس بک آئی ڈی پر 43 ہزار افراد اور فیس بک آفیشل پیج پر 25 ہزار صارف انہیں پسند کرتے ہیں،سوشل میڈیا پر انکی مقبولیت کا نمبر دوسرا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر اور صدر مسلم لیگ نواز راجہ فاروق حیدر خان کے فالورز کی تعداد دو مختلف فیس بک اکاونٹس پر دو لاکھ دو ہزار ہے، ٹویٹر پر 40 ہزار چار سو افراد انہیں فالو کرتے ہیں،ان کے مجموعی فالوورز کی تعداددو لاکھ 42 ہزار چارسو ہے اور وہ سوشل میڈیا پر مقبولیت میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے سوشل میڈیا پر چار مختلف فیس بک اکاونٹس ہیں جن کو دو لاکھ 22 ہزار لوگ فالو کرتے ہیں،بیرسٹر سلطان محمود کو ٹویٹر پرتین سو 47 افراد فالو کرتے ہیں، سوشل میڈیا مقبولیت میں ان کا نمبر چوتھا ہے۔اسی طرح آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے سپریم ہیڈ سردار عتیق احمد خان کو سوشل میڈیا پر ایک لاکھ تین ہزار پانچ سو لوگ فالو کرتے ہیں، فیس بک آفیشل پیج پر انہیں 97 ہزار لوگ فالور کررہے ہیں، سردار عتیق خان کو ٹویٹر پر پانچ ہزار پانچ سو لوگ فالو کرتے ہیں ان کا نمبر پانچواں ہے۔ جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ کو سوشل میڈیا پر 32 ہزار افراد فالو کرتے ہیں جبکہ ٹویٹر پر آٹھ سو سے زائد لوگ فالو کرتے ہیں اور ان کا نمبر چھٹا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر کو سوشل میڈیا پر تقریباً 16 ہزار آٹھ سو لوگ فالو کررہے ہیں۔ٹویٹر پر سات سو 91 لوگ فالو کرتے ہیں اور ان کا نمبر ساتواں ہے۔
جماعت اسلامی آزادکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود کو سوشل میڈیا پر 11 ہزار آٹھ سو لوگ فالو کرتے ہیں، فیس بک پر انہیں نو ہزار چھ سو لوگ فالو کرتے ہیں اور ٹویٹر پر ان کے فالورز کی تعداد 2 ہزار آٹھ سو ہے اور ان کا نمبر آٹھواں ہے۔ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار حسن ابراہیم خان کو سوشل میڈیا پر آٹھ ہزار دو سو لوگ فالو کر رہے ہیں جبکہ ٹویٹر اکاونٹ پر انہیں ایک ہزار نو لوگ فالو کرتے ہیں اور ان کا نمبر نواں ہے۔