امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا لبیک القدس ریلی سے خطاب


اسلام آباد


امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عالم اسلام اسرائیل کا مکمل بائیکاٹ کرے اور متحد ہو کر فلسطین کو صیہونی ظلم و استبداد سے آزاد کرایا جائے۔ غزہ کی تعمیر نو کے لیے بین الاقوامی فنڈ کا قیام وقت کا ایک اہم ترین تقاضا ہے۔ فلسطینی اور کشمیری آزادی کے حصول کے لیے سات دہائیوں سے جو جدوجہد کررہے ہیں، امت مسلمہ یک جان ہو کر اس جدوجہد میں مظلوموں کا ساتھ دے۔ اقوام متحدہ سے فلسطین کی آزادی کے لیے کسی ایکشن کی توقع رکھنا احمقوں کی جنت میں بسنے کے مترادف ہے۔ روہنگیا کے قتل عام کا مسئلہ ہو یا کشمیریوں اور فلسطینیوں پر اندوہناک مظالم، یو این او نے ہمیشہ تماشا دیکھا۔ مسجد اقصیٰ کو خون میں نہلایا جا رہا ہے۔ 300سے زائد فلسطینی بچے، بہنیں، مائیں اور نوجوان 12دنوں کے غزہ کے محاصرے میں اپنی جانوں سے گزر گئے، مگر عالمی ضمیر سویا ہوا ہے۔ پاکستان عالم اسلام کا سب سے طاقتور ملک مگر ہمارے حکمران بزدل ہیں۔ افغانیوں کی سی ہمت اور جذبہ جہاد کا مظاہرہ کر کے ہی نام نہاد سپرطاقتوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔ اگر مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان دنوں میں آزاد ہو سکتے ہیں تو عالمی برادری نہتے فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کیوں کچلنے کے درپے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد ڈی چوک میں لبیک القدس ملین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ القدس مارچ میں خواتین، بچوں سمیت تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہاتھوں میں فلسطینی، پاکستانی اور جماعت اسلامی کے پرچم تھامے ہوئے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں نماز جمعہ کے بعد یکجہتی فلسطین ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد آزادی اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اسرائیلی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں