ڈینگی بخار کی وبا سر اٹھا رہی ہے

ڈینگی نے ملک میں تیزی سے پنجے گاڑنا شروع کر دیےہیں، اسلام آباد، خیبر پختونخوا  میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7 افراد جاں بحق ہوئے  ہیں جبکہ سندھ میں 33 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں ڈینگی بخار کی وبا سر اٹھا رہی ہے، اموات اور کیسز میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے، دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 افراد ڈینگی وائرس سے انتقال کرگئے جبکہ کراچی میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ پنجاب بھر میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 374 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے2574 مریضوں کا تعلق لاہور سے ہےجبکہ کراچی میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔

اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 افراد ڈینگی سے جاں بحق ہوئے اور ڈینگی وائرس سے 141 افراد متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈینگی کے مجموعی کیسزکی تعداد 2 ہزار 230 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 78 کیسز رپورٹ ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی سے 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ، ڈینگی کے 241 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 624 ہو گئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 33 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں 24 گھنٹوں میں 100 سے زائد مریضوں کو لایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں