انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس کی دو روزہ کانفرنس کا متفقہ اعلامیہ

) انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کا مستقل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ سیکرٹریٹ روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی حکمت کے مقاصد کے حوالہ سے پیشرفت میں معاونت فراہم کرے گا اور روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیا جائے گا۔انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس کی دو روزہ کانفرنس کا متفقہ اعلامیہ جمعرات کو جاری کر دیا گیا، آئی پی سی کی سیکرٹری جنرل ستارہ ایاز نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کا مستقل سیکرٹریٹ اسلام آباد میں قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا او رسیکرٹریٹ روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی حکمت سے متعلق مقاصد پر پیشرفت میں معاونت فراہم کرے گا، روڈ سیفٹی سے متعلق عالمی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم پر زور دیا جائے گا۔اعلامیہ کے مطابق روڈ سیفٹی گلوبل ایکشن پلان کے تحت حادثات کو کم کرنے،جانی و مالی نقصانات کم کرنے کیلئے اہداف مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اعلامیہ میں اقوام متحدہ کی روڈ سیفٹی سے متعلق ایکشن کی پہلی دہائی کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔ شرکاء نے جنرل اسمبلی کے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ روڈ سیفٹی کے حوالے سے مل کر کام کرنے کے عزم کو سراہا۔اعلامیہ کے مطابق روڈ سیفٹی محض پبلک ہیلتھ مسئلہ نہیں بلکہ سماجی مسئلہ ہے، کم اور درمیانے درجے کی آمدن والے ممالک میں روڈ سیفٹی ایک گھمبیر مسئلہ ہے۔ عالمی درجہ بندیاں ترتیب دینے اور سفر کرنے والوں کیلئے مطلوبہ معیار مرتب کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ، قانون سازی پر نظر ثانی کرنے اور مقامی ڈیزائن کے معیار جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔اعلامیہ کے مطابق ڈیزائنر کیلئے ٹیکنکل معیار مقرر کرنے پر شرکاء متفق ہوئے۔ اس کے علاوہ روڈ سیفٹی آڈٹ کرانے کا عزم اور نئے منصوبوں میں روڈ سیفٹی آڈٹ کے تحت معیارات مقرر کرنے ، نئی اور پرانی گاڑیوں کی سیفٹی مقاصد کیلئے لازمی سرٹیفکیشن اور رجسٹریشن نظام متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ڈرائیونگ دورانیہ کیلئے حدود مقرر کرنے اور پیشہ وارانہ ڈرائیورز کیلئے ریسٹ پریڈ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی اعلامیہ کا حصہ تھا۔صحت کے مراکز، ہسپتالوں کی استعداد کا ر بڑھانے اور ہر سطح پر صحت کے شعبے میں بنیاد ی ایمر جنسی کیئر سروسز کے قیام پر بھی شرکاء نے اتفاق کیا۔ عملدرآمد کیلئے مخصوص ادارے کے قیام اور مناسب آلات، تربیت کی فراہمی کو یقینی بناے پر بھی زور دیا گیا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے، ٹریفک حادثات سے بے شمار قیمتی و جانی نقصانات ہوتے ہیں،حادثات کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھانا ناگریز ہیں، ٹریفک حادثات سے بچاؤ کیلئے ٹریفک قوانین بارے آگاہی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مندوبین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹریفک حادثات کے تدارک کیلئے موثر سفارشات میں معاونت کی۔ غیر ملکی مندوبین نے شاندار کانفرنس کے انعقاد پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور سیکرٹری جنرل آئی پی سی ستارہ ایاز کو مبارکباد دی۔ انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس متفقہ اعلامیہ کے بعد اختتام پذیر ہو گئی