پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے کہا ہے کہ مردہ ہتھنی نورجہاں کے نمونے آج لاہور بھیجے جا رہے ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے جیونیوز سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا ہے کہ ہتھنی نورجہاں کا گزشتہ روز پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا تھا،  ہتھنی کے دل، گردے، مختلف اعضاء کے نمونے لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ  مردہ ہتھنی نورجہاں کے نمونے آج لاہور بھیجے جا رہے ہیں، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ ایک ہفتے بعد آئے گی۔

واضح رہے کہ ہتھنی ’نورجہاں‘ کی تدفین کر دی گئی ہے۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کے مطابق ہتھنی نور جہاں کی قبر 15 فٹ گہری 14 فٹ لمبی اور 12 فٹ چوڑی کھودی گئی۔

ہتھنی کی قبر میں 4 من چونا اور جراثیم کش ادویات بھی ڈالی گئی ہیں۔