ترکیہ میں، صدارتی و 28 ویں ٹرم پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع

آج ترکیہ بھر میں، صدارتی و 28 ویں ٹرم پارلیمانی انتخابات کے لئے، صبح 8 بجے سے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ووٹ ڈالنے کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے ختم ہو جائے گا۔ ملک بھر میں 6 کروڑ 6 لاکھ 97 ہزار 843 رائے دہندگان ووٹ کا استعمال کریں گے۔

بیرون ملک ووٹنگ 9 مئی کو اختتام پذیر ہو گئی تھی  لیکن اپنے قیام کے ممالک میں طے شدہ دورانیے میں  ووٹ نہ ڈالنے والے رائے دہندگان کسٹم چوکیوں پر شام 5 بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے۔

صدراتی بیلٹ پر رجب طیب ایردوان، محّرم اِنجے، کمال کلچدار اولو اور سینان اوعان کے تصاویر ہیں لیکن امیدواروں میں سے محّرم اِنجے نے 11 مئی کو امیدواری سے دستبرداری کا اعلان کر دیا تھا۔ اس وقت تک بیلٹوں کی چھپائی اور تقسیم مکمل ہو چُکی تھی لہٰذا اِنجے کا نام بھی پرچی پر موجود ہے۔

28 ویں ٹرم کی پارلیمنٹ کے تعین کے لئے 24 سیاسی پارٹیاں اور ترکیہ بھر سے  151 آزاد امیدوار  انتخابات لڑ رہے  ہیں  ۔

رائے دہندگان، صدر اور اسمبلی ممبر کا انتخاب کر کے، دونوں انتخابی پرچیوں کو ایک ہی لفافے میں رکھ کر بیلٹ بکس میں ڈالیں  گے۔

صدارتی امیدواروں میں سے کسی کے بھی واضح اکثریت حاصل نہ کر سکنے کی صورت میں 28 مئی کو دوسرے انتخابی مرحلے کا انعقاد ہو گا۔