راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر حملے اور توڑ پھوڑ میں ملوث ملزمان کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا، جس کے بعد مزید 4 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں اور سوشل میڈیا فوٹیجز کے ذریعے ملزمان کی شناخت کی گئی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چھاپہ مار ٹیمیں ان ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرگرم ہوگئیں، اس حوالے سے راولپنڈی میں سی پی او سید خالد ہمدانی نے پریس کانفرنس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات سے اب تک 66 ملزمان کو گرفتار کیا، جس کے ساتھ ہی گرفتارملزمان کی مجموعی تعداد 276 ہوچکی ہے، پرتشدد احتجاج پر 17مقدمات درج ہوئے، میٹرو اسٹیشن جلانے سے 80 کروڑ کا نقصان ہوا، اس کیس میں 27 ملزمان گرفتار ہیں۔انہوں نے کہا کہ شرپسندوں نےجی ایچ کیو گیٹ توڑنے کی کوشش کی، جی ایچ کیو گیٹ پر پٹرول چھڑکنے والا ملزم گرفتار کرلیا ہے، ملزمان شواہد کی مدد سے گرفتار کررہے ہیں، شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے، جی ایچ کیو پر حملے کے جن شرپسندوں کی شناخت کی گئی ہے ان میں راولپنڈی کی افشاں کامران، فاطمہ احسان ، شبانہ فیاض، زاہدعلی شاہ گیلانی ، کاشف خان ، محمد عثمان قریشی ، پیرزادہ شہبازناصر اورحماد خان شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد کےعابد ملک، جہانگیراحمد ، ابوبکراحمد ، چکوال کی منیزا احمد ، کراچی کے عاصم خورشید اور مری کے انصر جاوید بھی حملے میں پائے گئے، بلوائیوں کے خلاف پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں سے مل کر کارروائی کر رہے ہیں، ملزمان کی شناخت سوشل میڈیا ویڈیوز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے کی گئی، شرپسندوں کی پہچان کرنے کیلئے نادرا کا ڈیٹا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔
