راولپنڈی( )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر ژوب بلوچستان میں ہونے والے خودکش حملے کے خلاف گذشتہ روز جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام مری روڈ پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔اس سے قبل دفتر جماعت اسلامی مریڑ چوک سے ریلی نکالی گئی۔ اس احتجاجی مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی, جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی, نائب امراء سید عزیر حامد, رضا احمد شاہ, امیدوار حلقہ 53 چوہدری محمد عارف گوجر, امیدوار حلقہ پی پی 7 راجہ تنویر احمد,امیدوار حلقہ پی پی 10 خالد محمود مرزا, امیدوار حلقہ پی پی 11 ملک عمران, امیدوار حلقہ 12 ظفر الحسن جوئیہ ایڈووکیٹ, امیدوار حلقہ پی پی 15 حافظ خضر حیات, امیدوار حلقہ پی پی 16سید ظفر محمود شاہ, امیدوار حلقہ پی پی 17 سید ارشد فاروق, ممبر چکلالہ کینٹ بورڈ خالد محمود مرزا,اقلیتی ممبر چکلالہ کینٹ بورڈ شہزاد جارج, صدر جمعیت اتحاد العلماء مولانا تاج محمود صدیقی اور جے آئی یوتھ کے رہنما حماد عباسی نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق پر بلوچستان کے علاقے ژوب میں خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقررین نے کہا کہ سراج الحق تو ملک میں اتحاد و یکجہتی اور تمام سٹیک ہولڈروں کو مزاکرات کی میز پر لانے کے لئے کوششیں کر رہے تھے۔ سراج الحق تو وطن عزیز میں محبت اور اتفاق و یکجہتی کا استعارہ ہیں۔ سراج الحق کو نشانہ بنانے والے پاکستان میں بد امنی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ سراج الحق قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ہمارے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو سیکیورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ سراج الحق تو پاکستان کو بچانے کے نکلے ہوئے تھے۔وہ تو نفرتوں کے ماحول میں محبت کا پیغام عام کر رہے تھے۔ جماعت اسلامی کو ایسے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ یہاں کسی کی بھی جان اور مال محفوظ نہیں ہے۔مہنگائی اور بد امنی حکمرانوں کے دیئے ہوئے تحفے ہیں۔ حکومت سراج الحق پر ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات کر کے اصل قوتوں کو قوم کے سامنے لائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے
