کرکٹ ون ڈے ورلڈکپ کا سب سے بڑا میلہ سج گیا اور افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 283 رنز کا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، انگلش ٹیم کی جانب سے جو روٹ 77 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیوی کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ وارم اپ میچ کے بعد اچھی تیاری کی ہے، کیسن ولیمسن صحتیاب ہورہے ہیں، اگلے میچز کھیلیں گے۔
ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو پہلا نقصان اوپنر ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 14 رنز پر میٹ ہینری نے پویلین بھیجا، بعدازاں جونی بیئر اسٹو 33، ہیری بروک 25 اور معین علی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
4 وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور کپتان جوز بٹلر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،جو روٹ نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ لیام لیونگسٹن نے 20 ، سام کُرن نے 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔اختتامی اوورز میں عادل رشید اور مارک ووڈ کے درمیان 30 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور یوں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔
عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا ورلڈکپ کا پہلا میچ کل نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔