اسلام آباد
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری کی کاوشوں سے نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آبادکی دو تنظیموں کے درمیان اختلافات ختم ہو گئے ہیں اور دونوں تنظیموں نے ملکر نان بائیوں کے تحفظ کیلئے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد کی دو تنظیموں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے شدید تنائو کی کیفیت تھی جس کی وجہ سے نان بائیوں کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد کی دو نوں تنظیموں کے درمیان تنائو کے خاتمے اور نان بائیوں کے اجتماعی مفاد کی خاطرملکر چلنے کیلئے باہمی اختلافات ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور دونوں تنظیموں کے رہنمائوں نے صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری کے ساتھ ملاقات کی اور جرگہ کی کاوشیں رنگ لے آئیں ، دونوں فریقین نے اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکر ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے اور موجودہ تلخیوں ، ناراضگیوں کو ختم کرتے ہوئے ملکر کام کرتے ہوئے نان بائیوں کے مفاد کے تحفظ اور صاف شفاف سسٹم کے قیام ، ضابطہ اخلاق کی تیاری ، ، نان بائیوں کی ووٹر لسٹ مرتب کرنے ، الیکشن طریقہ کار اور نیا متفقہ الیکشن کمیشن تشکیل دیکر مقررہ مدت میں نان بائی ایسوسی ایشن کے الیکشن کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔دونوں تنظیموں نے نان بائیوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کے تحفظ کیلئے اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری اور جرگہ کے ممبران کا کہنا ہے کہ نان بائی ایسوسی ایشن اسلام آباد کی دو تنظیموں کے آپس کے باہمی اختلاف کو ختم کرنا خوش آئند ہے اور امید کرتے ہیں کہ دونوں تنظیمیں ملکر الیکشن میں حصہ لیں گی اور کامیاب امیدوار نان بائیوں کے تحفظ اور ان کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں گے ۔