سوئی سدرن گیس کمپنی میں سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد

سوئی سدرن گیس کمپنی میں سالانہ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد.

ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں خاتم الانبیا رسول اللہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی. اسی مناسبت سے سوئی سدرن گیس کمپنی نے برسا برس پرانی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا انعقاد کیا۔

ادارے کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے کراچی میں کمپنی کے ہیڈ آفس آڈیٹوریم میں منعقدہ محفل میلاد میں شرکت کی۔ اس محفل کا اہتمام کمپنی کے کارپوریٹ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ نے دیگر شعبوں کے تعاون کے ساتھ کیا۔

ممتاز عالم دین علامہ حکیم محمد اکبر درس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنی فکر انگیز گفتگو میں اس بات کا اعادہ کیا کہ سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے بہت سے بیش قیمت اور خوبصورت پہلو ہیں جن سے ہر انسان با آسانی دنیا و آخرت کے لیے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ علامہ صاحب نے اس نکتے پر زور دیا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم، اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے ہمارے لیے منتخب کردہ آخری پیغمبر ہیں اور یہ ہم میں سے ہر ایک پر واجب ہے کہ وہ ان کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کرے۔

معروف ثناء خوانوں قاری اسد الحق، محمد فیصل حسن نقشبندی اور ادارے کے ملازمین نے گلہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔ سامعین نے روایتی جوش و جذبے کے ساتھ سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی نعتیں سنیں۔

علامہ محمد اکبر درس نے رقت آمیز دعا کے ساتھ محفل کا اختتام کیا۔
میلاد کی نظامت مذہبی محفلوں کے کمپیئر اور ادارے کے سابق چیف منیجر محمد علی گوہر نے کی۔ سوئی سدرن کے ایک اور سابق افسر قاری رئیس احمد نے محفل کے آغاز میں تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔

کارپوریٹ کمیونیکیشنز کے سربراہ سلمان اے صدیقی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کے بہت سے پہلوؤں کو فصاحت کے ساتھ بیان کرنے پر علامہ اکبر درس کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ثناء خوانوں کا روح پرور گلہائے عقیدت پیش کرنے پر اور دیگر مہمانوں اور سامعین کی بڑی تعداد میں موجودگی پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

محفل کے اختتام پر انہوں نے مہمانوں کو گلدستے اور تحائف پیش کئے۔

سلمان اے صدیقی
سربراہ کارپوریٹ کمیونی کیشنز و سرکاری ترجمان

اپنا تبصرہ لکھیں