سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے نے نئی ایڈوائزری جاری کر دی

سعودی عرب میں ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانے نے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے وہاں مقیم پاکستانی شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پاکستانی شہری فوری طور پر سفارتخانے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

بیان کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں، خصوصاً وزٹ ویزا یا عمرہ کی ادائیگی کے لیے آنے والے افراد کی سہولت کے لیے ہنگامی رابطہ نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں۔

سفارتخانے نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر شہری لینڈ لائن نمبرز 966126689149 اور 966126692371 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ موبائل نمبرز 966563870732 اور 966542099348 بھی ہنگامی رابطے کے لیے دستیاب ہیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے تمام ایئرپورٹس پر پاکستانی سفارتخانے کا عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پاکستانی شہریوں کی رہنمائی اور مدد کی جا سکے۔

سفارتخانے نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکل یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر سفارتخانے سے رابطہ کریں۔