سی ڈی اے کا اسلام آباد میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند طرزِ زندگی کے لیے تین بین الاقوامی معیار کے جدید اسپورٹس ایریناز قائم کرنے کا فیصلہ
سپورٹس ایریناز سیکڑ ڈی 12/1، جی 11/3 مرکز اور ایف 8 مرکز میں قائم ہوں گے، شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی
اسلام آباد—— وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے کی مؤثر اور فعال نگرانی میں سی ڈی اے نے اسلام آباد میں تین جدید اسپورٹس ایریناز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اسپورٹس ایریناز ڈی 12/1، جی 11/3 مرکز اور ایف 8 مرکز میں قائم کیے جائیں گے، جن کا مقصد شہریوں، خاندانوں اور نوجوانوں کو آسان رسائی کے ساتھ جدید اور سال بھر کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
سید محسن رضا نقوی کی ہدایات کی روشنی میں چیرمیں سی ڈی اے کی نگرانی میں تین اسپورٹس ایریناز کے قیام کا یہ اقدام سی ڈی اے کی جانب سے کھیلوں کے فروغ، صحت مند اور فعال طرزِ زندگی کی حوصلہ افزائی اور وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔ ان اسپورٹس ایریناز میں ایک ہی مربوط انتظام کے تحت مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے شہری سال بھر کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے۔
ڈی 12/1 میں قائم کیے جانے والے اسپورٹس ایرینا کے لیے تقریباً 4.2 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے، جبکہ جی 11/3 مرکز میں قائم ہونے والا دوسرا اسپورٹس ایرینا تقریباً 3.5 ایکڑ اور ایف 8 مرکز میں قائم ہونے والا تیسرا اسپورٹس ایرینا تقریباً 3.2 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہوگا۔
تینوں اسپورٹس ایریناز میں جدید اور متنوع سہولیات فراہم کی جائیں گی، جن میں انڈور سوئمنگ پولز، برانڈڈ انڈور جم، فٹسال کورٹس، کرکٹ کیجز، انڈور اور آؤٹ ڈور پیڈل کورٹس، باسکٹ بال کی سہولیات، ملٹی پرپز اسپورٹس ہالز، انڈور بچوں کے پلے ایریاز، ہیلتھ بارز اور انتظامی سہولیات شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ لینڈ اسکیپنگ، پارکنگ اور مخصوص ٹریکس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ مختلف علاقوں میں ان سہولیات کے قیام سے شہریوں کو اپنے رہائشی اور تجارتی علاقوں کے قریب معیاری کھیلوں کی سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ اس اقدام سے خاندانوں اور نوجوانوں کو بھی پیشہ ورانہ بنیادوں پر منصوبہ بندی کیے گئے مقامات پر مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں گے۔
اسپورٹس ایریناز میں کھیلوں کی تربیت، کوچنگ، ٹورنامنٹس، لیگز اور کمیونٹی کی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ پیڈل، فٹسال اور کرکٹ کیج ٹریننگ جیسے جدید اور ابھرتے ہوئے کھیلوں میں بھی شہریوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ یہ سہولیات بالخصوص نوجوانوں کو باقاعدگی سے جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دے کر صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
شہریوں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں تین جدید اسپورٹس ایریناز کے قیام کے سی ڈی اے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے وفاقی دارالحکومت کے عوام کو بہترین، اسٹیٹ آف دی آرٹ اور بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ شہریوں نے اپنے رہائشی اور تجارتی علاقوں کے قریب مختلف کھیلوں کی سہولیات کی دستیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خاندانوں، نوجوانوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد کو جدید ماحول میں صحت مند اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کے شہریوں کی جانب سے سی ڈی اے کے اقدامات میں مسلسل تعاون اور شرکت کو سراہا اور کہا کہ مختلف مقامات پر تین اسپورٹس ایریناز کا قیام شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی اسٹیٹ آف دی آرٹ کھیلوں کی سہولیات فراہم کرے گا، جس سے نوجوانوں اور خاندانوں کو کھیلوں، فٹنس اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مزید مواقع حاصل ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ جدید کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی صحت مند، متحرک اور شہری دوست اسلام آباد کے لیے سی ڈی اے کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو معیاری کھیلوں کی سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ جدید، محفوظ اور سازگار ماحول میں کھیلوں، فٹنس اور تفریحی سرگرمیوں سے بھرپور استفادہ کرسکیں۔
ان منصوبوں کے لیے مالی وسائل سی ڈی اے کے اپنے وسائل سے فراہم کیے جائیں گے جبکہ منصوبوں پر عملدرآمد اوپن مسابقتی بولی کے ذریعے پیپرا رولز کے تحت کیا جائے گا۔
تینوں اسپورٹس ایریناز کے منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ مجموعی اسپورٹس ایرینا منصوبے کے تحت تعمیراتی مرحلے کے دوران تقریباً 360 ملازمتوں جبکہ آپریشنل مرحلے میں 92 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
ڈی 12/1، جی 11/3 مرکز اور ایف 8 مرکز میں ان تین اسپورٹس ایریناز کا قیام اسلام آباد کے کھیلوں اور تفریحی انفراسٹرکچر میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا اور شہریوں کو کھیلوں، فٹنس اور خاندانی تفریح کے لیے جدید، آسان رسائی اور متنوع سہولیات فراہم کرے گا۔
سی ڈی اے اسلام آباد کو ایک جدید، صحت مند اور متحرک وفاقی دارالحکومت بنانے کے لیے پرعزم ہے، جہاں شہریوں کو معیاری عوامی سہولیات اور کھیلوں، تفریح اور صحت مند طرزِ زندگی کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہوں۔
