کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کے امکانات

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران ملک کے میدانی علاقوں میں موسم خشک رہنے اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔ تاہم شمالی علاقوں میں 6 اور 7 مارچ جبکہ 9 سے 11 مارچ کے دوران کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کے بیشتر حصوں میں غیر معمولی حد تک زیادہ درجہ حرارت اور خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے۔

تازہ موسمی صورتحال کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں کسی نمایاں بارش کا امکان نہیں ہے جبکہ آئندہ ہفتے تک ملک بھر میں دن کے وقت درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

پیشگوئی کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں، اسلام آباد، پنجاب اور شمالی بلوچستان میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوبی بلوچستان اور سندھ میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔ اس دوران رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اور 7 مارچ جبکہ 9 سے 11 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے چترال، دیر، سوات، کرم، خیبر، مہمند، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ کے اضلاع کے علاوہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جزوی ابر آلود سے ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔

اسی طرح 10 اور 11 مارچ کو اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔