وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے درمیان گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور قیامِ امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، خصوصاً حالیہ دنوں میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش ظاہر کی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکا، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی روابط سے بھی آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے جاری امن کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا اور ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے مذاکرات اور ثالثی کے عمل کے لیے اعتماد سازی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
