نائب امیرجماعت اسلامی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور لاہور میں ملکی صورت حال پر تبادلہ خیال کی نشست سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ سفارتی اور عالمی محاذ پر پاکستان کی پذیرائی اورفعال کردار ، ملک و ملت کے لئے قابل فخر ہیں۔ لیکن ملک کے اندر عدم اطمینان ، بے یقینی اور سیاسی بحران اندرونی استحکام کے لئے مسلسل تباہی کا باعث بن رہا ہے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی بحران تو پہلے ہی تھا لیکن عالمی حالات کی وجہ سے اقتصادی بحران دو چند ہو گیا ہے۔ قومی سلامتی ، اقتصادی بحران پر قابوپانے اور سیاسی استحکام لانے کے لئے وزیراعظم قومی گول میز کانفرنس بلائیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز ہر طرح کی زہریلی سیاسی کشیدگی سے بالاتر ہو کر قومی اتفاق رائے سے لائحہ عمل بنائیں۔ جماعت اسلامی سیاسی بحرانوں کے حل ، عوام کے بنیادی معاشی حقوق اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے مثبت قومی کردار ادا کر رہی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ مشرق وسطی میں ایک کے بعد ایک محاذ کھول کر خود کو الجھا رہا ہے امریکہ صہونیت کے گریٹر اسرائیل کے خواب پوری دنیا کے لئے بربادی ہے، امریکہ اور اسرائیل کے لئے کوئی بھی ملک آلہ کار بنے گا ، میزائیل کی زد میں آئے گا، اسلامی جمہوری ایران آزاد ملک ہے، آزادی کا تحفظ اُس کا حق ہے جارحیت کرنے والے ہی ظالم ہیں، مسلم ممالک امریکی اڈے کسی بھی مسلم ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، مشرق وسطی میں جنگ کی آگ مغربی ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے گی، صدر ٹرمپ کا سعودی ولی عہد کے خلاف بدزبانی اور توہین آمیز لب ولہجہ تمام مسلم ممالک کے حکمرانوں کے لئے ریڈ وارنٹ ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ اب جنگ جاری رکھنے اور مصالحت کرنے کی پوزیشن میں نہیں، اسی طرح کے ہیجانی بیانات سے خود امریکہ کیلئے جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں اسرائیل خطے میں امن قائم نہیں ہونےدے گا، اسرائیلی ناجائز ریاست کا خاتمہ اور مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت دلانا ہی عالم اسلام کی ترجیح بننا چاہیئے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیاسی قومی امور کمیٹی کا اجلاس 9؍اپریل کو منصورہ میں منعقد ہو گا، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کمیٹی اجلاس میں خصوصی شرکت اور خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی کی پورے ملک میں سیاسی فعالیت اور عوامی مسائل پر عوامی آواز کو اجاگر کرنے کے لائحہ عمل کے لئے صوبائی، حلقہ جات کی سیاسی کمیٹیوں کے اجلاس کا شیڈول بھی جاری ہو گا۔ جماعت اسلامی کے ممبرز اور عوامی کمیٹیوں کے نیٹ ورک کو وسیع تر کرنے کے لئے 3؍ اپریل کو پنجاب وسطی کا پہلا عوامی کمیٹی کنونشن منصورہ میں ہو گا
