امن ثالثی مذاکرات کی کامیابی عالمی امن کے لئے بہت اہم اقدام ہوگا۔

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی قومی کمیٹی کے اجلاس، جماعتِ اسلامی پنجاب کے قائدین محمد جاوید قصوری، ڈاکٹر طارق سلیم، سیّد ذیشان اختر، ضیاءالدین انصاری کے ساتھ پنجاب بلدیاتی انتخابات کے اُمور پر ملاقات کی اور سیاسی قائدین کے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں امن ثالثی مذاکرات کی کامیابی عالمی امن کے لئے بہت اہم اقدام ہوگا۔ اسرائیل امن و انسانیت کا دشمن ہے، اسرائیلی صیہونیت کے علمبردار اور انڈیا کا برہمن ہندو سامراج سازش کار ہمیشہ سے امن مذاکرات کے دشمن ہیں۔ یہود و ہنود کی ہر شیطانی سازش سے عالمی امن کوششوں کو محفوظ رکھا جائے۔ امریکہ اب یک محوری طاقت نہیں، نیو ورلڈ آرڈر پِٹ کر ناکارہ ہوگیا ہے۔ امریکہ کی بقاء اب اِسی میں ہے کہ امریکی سیاست صیہونیت کی غلامی سے نجات پائے۔ غزہ، لبنان، یمن، شام، عراق، لیبیا، ایران میں انسانی خون سے ہولی، نسل کشی اور دہشت و وحشت کا مجرم اسرائیلی صیہونیت ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حالیہ دِنوں میں اپوزیشن جماعتوں نے تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر ذمہ دارانہ قومی کردار ادا کیا ہے، قومی وقار، عزت اور عوام کو تقسیم کرنے، تعصبات پھیلانے والے تمام حربے ناکام ہوگئے۔ پاکستانی مِلّت نے اپنے ذمہ دارانہ قومی کردار کے ذریعے ملک کا وقار بڑھایا ہے۔ تمام تر امکانات اور کامیابیاں اُسی وقت پاکستان کی طاقت بنیں گی کہ جب ملک میں جاری سیاسی بحران کا بھی خاتمہ ہو۔ قومی ترجیحات پر قومی ڈائیلاگ کا دروازہ کھولا جائے، ہائبرڈ نظام کے ساتھ 25 کروڑ عوام کو غلام بنانا ممکن نہیں ہوگا۔ معاشی استحکام، مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمہ اور زرعی و صنعتی پیداوار کی لاگت کو ضروری حد تک قابلِ برداشت بنانے کے لئے تیل کی قیمت کم کی جائے، توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے قومی لائحہ عمل بنایا جائے، عالمی محاذ پر امن کے لئے حکومت ضرور کردار ادا کرے لیکن ملک کے اندرونی حالات سے راہِ فرار اختیار نہ کرے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مِلی یکجہتی کونسل کی مرکزی مجلسِ عاملہ کا اجلاس 11 اپریل (بروز ہفتہ) کو صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر کی زیرِصدارت ہوگا، ملکی حالات، ایران کی عظیم فتح، پاک-افغان کشیدگی کے خاتمہ اور عالمِ اسلام کے اتحاد کے لئے دینی جماعتوں کے قومی کردار کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے