راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر انجینیئر افتخار چوہدری نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ فیصل آباد میں “صاف ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت کام کرنے والے عملے کو تنخواہیں نہ ملنا افسوسناک ہے اور یہ حکومتی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان ہے۔
فیصل آباد میں صاف ستھرا پنجاب کے ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے پر ضلع کونسل چوک میں احتجاج کیا اور کوڑا کرکٹ سڑک پر پھینک دیا، جس کے باعث علاقے میں کچھ دیر کے لیے صورتحال کشیدہ ہو گئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے بجھ چکے ہیں اور معاشی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ احتجاجی عملے نے الزام عائد کیا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود صرف یقین دہانیاں کروائی جا رہی ہیں مگر عملی طور پر ادائیگیاں نہیں ہو رہیں۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ان کی فوری طور پر بقایا تنخواہیں جاری کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
انجینیئر افتخار چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ محنت کشوں کے ساتھ اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے اور فوری طور پر ان کے حقوق کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب شہریوں نے احتجاج کے باعث صفائی کے نظام میں خلل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
