مرکزی مسلم لیگ کا کنٹونمنٹ الیکشن 2026 میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان

راولپنڈی میں مرکزی مسلم لیگ نے کنٹونمنٹ الیکشن 2026 میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔ جنرل سیکرٹری انجینئر مبین صدیقی کہتے ہیں کہ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ صاف پانی، سیوریج اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ راولپنڈی میں منعقدہ ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل، خصوصاً پینے کے صاف پانی کی قلت، ناقص سیوریج سسٹم، ٹوٹی سڑکیں اور صفائی کے مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
انجینئر مبین صدیقی کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت میدان میں اتری ہے اور ان شاءاللہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آگے لا کر ایک مضبوط اور متحرک ٹیم تشکیل دی جائے گی جو علاقے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کنٹونمنٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ایک صاف، خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ راولپنڈی کی بنیاد رکھی جائے گی۔