خطہ میں ہندوتوا اور پولیس مین بننے کا خواب ٹوٹ پھوٹ گیا

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پاکستان کے عوام، افواجِ پاکستان اور حکومت کا مشترکہ افتخار اور وقار ہے، اللہ کہ تائید و نصرت سے ازلی دشمن، جموں و کشمیر پر ناجائز قابض انڈیا کو عبرت ناک شکست ہوئی اور انڈیا کا غرور، تکبر، فرعونیت خاک میں مل گئے. خطہ میں ہندوتوا اور پولیس مین بننے کا خواب ٹوٹ پھوٹ گیا، بہادر پاکستانی افواج پوری قوم کا فخر ہیں. معرکہ حق کی کامیابی سے پاکستان کو دُنیا بھر میں عزت مِلی، بیرونِ ملک پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوگیا، سفارتی محاذ پر پاکستان کو بہت بڑا کردار ادا کرنے کا موقع ملا جسے بہت خوبی سے نبھایا جارہا ہے. وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور پاک فضائیہ و بحریہ کی قیادت،افسران، سائبر وار فیئر کے ماہرین اور تینوں مسلح افواج کے جوان اس عظیم تاریخی کامیابی پر مبارکباد کے مستحق ہیں.
لیاقت بلوچ نے پشاور کے مرکزِ اسلامی، یونیورسٹی ٹاؤن، مقصود آباد، چمکنی، ہشت نگر بازار میں ممبرشپ ڈرائیو کیمپوں کا دورہ کیا؛ کارکنان، نئے ممبرز اور عوام سے خطاب کیا. اِس موقع پر امیرِ صوبہ (وسطی خیبرپختونخوا) عبدالواسع، صابر حسین اعوان، بحراللہ خان، عبدالاکبر چترالی، حمداللہ، خالد وقاص، حافظ حشمت اللہ، اُسامہ امیر، شاہکار عزیز، نورالواحد جدون، خالد گل مہمند اور دیگر رہنما بھی موجود تھے. لیاقت بلوچ نے کہا کہ پورے ملک میں ممبر سازی مہم میں روزبروز عوام کا جوش و خروش بڑھتا جارہا ہے، عوام فرسودہ، گلے سڑے، عوام دشمن اور کرپٹ اشرافیہ کے محافظ نظام سے بغاوت کررہے ہیں، ممبرسازی، عوامی کمیٹیوں کے قیام اور عوامی مسائل پر ملک گیر تحریک عوام میں مایوسیوں کا خاتمہ اور بابرکت اسلامی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی.
لیاقت بلوچ نے بنوں میں خوفناک دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی، پاکستان میں دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ انڈیا اسرائیل شیطانی گٹھ جوڑ ہے. حکومت دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے قومی ایکشن پلان پر قومی قیادت اور جمہوری قوتوں کو متفق اور متحد کرے. معاشی بحران عوام کے لئے ناقابلِ برداشت ہوگیا ہے؛ پٹرول، ڈیزل، گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ اور حکومت کی نااہلی، ناکامی، بدانتظانی اور معاشی منصوبہ عمل کی مکمل ناکامی ہے. غربت، مہنگائی، بے روزگاری خوفناک شکل اختیار کرگئی ہے. پی ٹی آئی 14 سال سے خیبرپختونخوا میں حکمران ہے، عوامی تائید حاصل رہی ہے، وفاق اور پنجاب میں 5 سال حکمران رہے لیکن یہ المیہ ہے کہ عوام نے عمران خان، پی ٹی آئی کو سِول مِلٹری اسٹیبلشمنٹ، شریف، زرداری خاندان کو مسترد کرکے ووٹ دیا لیکن پی ٹی آئی کی بحیثیت حکومت اور اپوزیشن کارکردگی انتہائی خراب ہے. پی ٹی آئی کی ناکامی نے 25 کروڑ عوام پر ازسرِنو سِول مِلٹری اسٹیبلشمنٹ، شریف خاندان اور زرداری خاندان کو ازسرِنو مسلّط ہونے کے لئے ریڈکارپٹ بھیج دیا