21 مئی ، 2026
اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا ، سیکرٹری جنرل زبیر صفدر نے جماعت اسلامی پنجاب کے سابق امیر میاں مقصود احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ میاں مقصود احمد مرحوم ایک باوقار، مخلص، نظریاتی اور مدبر شخصیت تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اقامتِ دین، عوامی خدمت اور جماعت اسلامی کی مضبوطی کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی دینی، تنظیمی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات جماعت اسلامی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی سادگی، اخلاص، بردباری اور کارکنان کے ساتھ شفقت ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
انجینئر نصراللہ رندھاوا نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور کارکنان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ میاں مقصود احمد مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔
