امریکہ اور اسرائیل شکست سے دوچار ہیں

نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اسلام دین فطرت ہے، رب کائنات نے عیدین اور خوشیاں یادگار بنانے کے لئے بھی ایسا انتخاب کیا ہے جس میں بندوں کی طرف سے خداپرستی، تقویٰ کا باکمال مظاہرہ ہو. قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور خاتم الانبیاء حضرت محمد صل اللہ علیہ وسلم کی سُنّت ہے. اللہ کی راہ میں صرف جانوروں کی ہی قربانی نہیں اپنی، ضِد، اَنا، انتہاپسندی، شدّت اور نفرتوں پر بھی چھری پھیری جائے اور اتحادِ اُمّت کا جذبہ اختیار کرکے پوری اُمت جسدِ واحد بن جائے. عالمِ اسلام کے مسائل کا حل نفرتوں، تفرقوں عرب و عجم، شیعہ سُنی تقسیم نہیں صرف اور صرف عالمِ اسلام کی قیادت کا اُمت کے مفاد کے لئے ترجیحات پر متحد ہونے میں ہے.
لیاقت بلوچ نے جڑانوالہ سیّدوالہ میں جماعت اسلامی کے امیرِ ضلع عرفان پڈھیار کی 7 سالہ بچی کی حادثاتی ناگہانی موت پر تعزیت کی، سیّدوالہ میں معززین کو ممبر سازی مہم میں ساتھ چلنے کی دعوت دی اور گاؤں بھٹی نگر میں معززین کے اعزاز میں ظہرانہ میں شرکت کی. کارکنان اور میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل شکست سے دوچار ہیں، انسان دشمن نسل کشی پر مبنی اقدامات اور آزاد ممالک کی آزادی پر حملہ آور ہوکر دونوں ممالک کی قیادت دُنیا بھر میں ذِلّت، رُسوائی اور تنہائی کا شکار ہیں. مڈل ایسٹ میں دوبارہ جنگ امریکہ اور اسرائیل کے لئے آسان نہیں، اِس میں خود اِن کی تباہی ہوگی. جنگ بندی کے بعد ایرانی قیادت نے اپنے کارڈز بہترین انداز میں کھیلنے ہیں اور پاکستان کیچقیادت،فیلڈ مارشل نے سفارت کاری اور ثالثی کے لئے مدبّرانہ کردار ادا کیا یے، دُنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ قومی فخر ہے.
لیاقت بلوچ نے سوالات کے جواب میں کہا کہ سیاسی، معاشی، سماجی اور عوامی اعتماد کا بحران عالمی سطح کی کامیابیوں کو اندرونی استحکام کا ذریعہ نہیں بننے دے رہا. دوست ممالک کی حمایت کے باوجود حکومتی اقتصادی ٹیم معاشی بحرانوں کے خاتمہ میں ناکام ہے. پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی جواز نہیں. پیداواری لاگت میں ناقابلِ برداشت اضافہ نے ملک کی معاشی سرگرمیوں کو ٹھنڈا کردیا ہے. پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، بدترین لوڈشیڈنگ غریب متوسط طبقہ اور تجارتی دُنیا کےلئے بربادی بن گئی ہے. میاں نوازشریف، میاں شہبازشریف، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری حکمرانی انجوائے کررہے ہیں اور ہائبرڈ نظام کا کُل پرزہ بن کر عوام، جمہوریت، آئین، آزاد عدلیہ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاریے ہیں. جمہوریت اور آئین مخالف اقدامات کے سبب مسلم لیگ اور پی پی پی کے خلاف عوامی نفرت اپنے عروج پر ہے. جماعتِ اسلامی ملک کو سیاسی، معاشی، آئینی بحرانوں سے نکالنے کے لئے عوام کو منظم کررہی ہے.#