اسلام آباد: جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیرِ اہتمام جاری رابطہ عوام مہم اور ممبرشپ ڈرائیو کے دوران وفاقی دارالحکومت سے 50ہزار نئے افراد نے جماعت اسلامی کی ممبرشپ اختیار کر لی۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے اسے عوامی اعتماد کے اظہار اور ملک میں شفاف، دیانت دار اور عوام دوست سیاسی قیادت کی ضرورت کا واضح پیغام قرار دیا ہے۔مہم کے دوران امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا، ضلعی و مقامی ذمہ داران اور کارکنان نے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز، مارکیٹس، شاپنگ مالز، رہائشی سوسائٹیز، پارکس، تفریحی مقامات، مساجد اور دیگر عوامی مراکز میں شہریوں سے براہِ راست ملاقاتیں کیں اور انہیں جماعت اسلامی کے منشور، عوامی خدمات اور سیاسی جدوجہد سے آگاہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے گزشتہ روز ممبر شپ ڈرائیو کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پچاس ہزار سے زائد شہریوں کا جماعت اسلامی کا حصہ بننا اس حقیقت کا عکاس ہے کہ عوام فرسودہ، کرپٹ اور اشرافیہ پر مبنی سیاسی نظام سے بیزار ہو چکے ہیں ۔ جماعت اسلامی عوامی سطح پر اپنی رابطہ مہم کو مزید وسعت دے گی، معاشرے کے ہر طبقے سے بات کریں گے اور نوجوانوں، خواتین، تاجروں، مزدوروں، اساتذہ اور پیشہ ور افراد کو قومی مسائل کے حل اور مثبت تبدیلی کی جدوجہد میں شریک کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے وسائل پر محدود طبقے کی اجارہ داری، بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری اور پالیسی سازی میں عوامی ترجیحات کو نظر انداز کیے جانے کے باعث عام شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ، شفاف طرزِ حکمرانی اور احتساب پر مبنی نظام کے قیام کے لیے اپنی آئینی، جمہوری اور پُرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر صفدر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو درپیش مسائل مسلسل شدت اختیار کر رہے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، پانی کی قلت، ٹریفک کا دباؤ، صحت اور تعلیم کی ناکافی سہولیات اور بلدیاتی نظام کی عدم فعالیت نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جن کے حل کے لیے سنجیدہ اور عوام دوست حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد کے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ، مقامی مسائل کے حل اور ایک منصفانہ، جوابدہ اور فلاحی نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی
