وفاقی دارالحکومت میں الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری

وفاقی دارالحکومت میں الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا، یونین کونسلوں کی تعداد بڑھا دی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے،جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامی کارروائیاں 22 جولائی سے 31 جولائی 2026 تک مکمل کی جائیں گی۔

دوسری جانب نئی یونین کونسلوں کی ابتدائی فہرست یکم اگست سے 25 اگست کے دوران تیار کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہری 27 اگست سے 16 ستمبر 2026 تک مجوزہ حلقہ بندیوں پر اپنے اعتراضات جمع کرا سکیں گے، الیکشن کمیشن ان اعتراضات پر سماعت کے بعد یکم اکتوبر 2026 تک حتمی فیصلے کرے گا، جبکہ اسلام آباد کی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 13 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔

علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے یونین کونسلوں کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی ہے جس کے بعد نئی حلقہ بندیوں کا عمل اسی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا۔

خیال رہے یہ پیش رفت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی جانب ایک اہم مرحلہ تصور کی جا رہی ہے۔