راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات انجینیئر افتخار احمد چوہدری نے جماعتِ اسلامی پاکستان کے قیم جناب امیرالعظیم صاحب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی، ملی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں انجینیئر افتخار چوہدری نے کہا کہ إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔ امیرالعظیم صاحب ایک مخلص، بااخلاق اور نظریاتی شخصیت تھے جنہوں نے اپنی زندگی اقامتِ دین، دعوتِ حق اور اسلامی تحریک کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کا اخلاص، سادگی، استقامت اور تنظیمی وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
انجینیئر افتخار چوہدری نے کہا کہ میری حال ہی میں لاہور میں امیرالعظیم صاحب سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں ان کی شفقت، خلوص اور دینی فکر کو قریب سے محسوس کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرحوم الطاف حسن قریشی صاحب کی کتاب “میرے مولانا” کی تقریبِ رونمائی کے موقع پر بھی انہیں امیرالعظیم صاحب کے ساتھ خاصا وقت گزارنے کا موقع ملا، جہاں ان کی گفتگو، علم و فہم اور دینی معاملات سے وابستگی نے بہت متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ امیرالعظیم محض ایک سیاسی کارکن نہیں بلکہ ایک صاحبِ کردار اور صاحبِ فکر انسان تھے۔ اختلافِ رائے کے باوجود ان کی دیانت، اصول پسندی اور دین کی خدمت کے جذبے کو ہر سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
انجینیئر افتخار چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی جانب سے مرحوم کے اہلِ خانہ، جماعتِ اسلامی کی قیادت، کارکنان اور تمام متعلقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی حسنات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، درجات بلند فرمائے، قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام پسماندگان اور رفقائے کار کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور امیرالعظیم صاحب کی دینی و ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔
