اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ڈپٹی سیکرٹری وزارتِ خزانہ عائشہ جاوید کو بین الاقوامی اعزاز پر مبارکباد
اسلام آباد—— اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزارتِ خزانہ کی ڈپٹی سیکرٹری عائشہ جاوید کو معروف بین الاقوامی اشاعتی ادارے راؤٹلیج (Routledge) کی شہرۂ آفاق کتاب “Women in Public Finance: Stories of Gender in Budgeting” میں بطور معاون مصنفہ شامل کیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے محترمہ عائشہ جاوید کی اس شاندار کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا تحریر کردہ باب “Limitless Skies and Endless Dreams” نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے بلکہ جینڈر ریسپانسیو بجٹنگ کے شعبوں میں پاکستانی خواتین کے بڑھتے ہوئے مؤثر کردار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرتی ہیں اور پاکستان کے سرکاری افسران کی غیر معمولی صلاحیت، لگن اور فکری استعداد کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی کامیابیاں خصوصاً نوجوان نسل اور خواتین کے لیے باعثِ ترغیب ہیں کہ وہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے خواتین کی سرکاری اداروں میں مؤثر شمولیت اور قیادت کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ، مساوی مواقع اور شمولیتی ماحول ہی پائیدار ترقی کا راز ہے۔
