7 اگست کا احتجاج پرامن سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن ہوگا، اسلام آباد کی شاہراہوں پر عوام کا سمندر اُمڈے گا،نصراللہ رندھاوا

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت میں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے ، عوام سے سات اگست کے احتجاج میں شرکت کی اپیل!

اسلام آباد—- امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پٹرولیم لیوی، مہنگائی، بے تحاشا ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف 7 اگست کو ہونے والے ملک گیر احتجاج کی تیاری کے سلسلے میں جماعت اسلامی اسلام آباد کے زیر اہتمام آج نمازِ جمعہ کے بعد وفاقی دارالحکومت کی مختلف مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ کارکنوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر شہریوں سے 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا اس موقع پر کہا کہ حکومت نے پٹرولیم لیوی، بجلی، گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، بے تحاشا ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے ذریعے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مہنگائی نے ہر طبقۂ فکر کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جبکہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

امیر اسلام آباد نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر 7 اگست کا احتجاج پاکستان میں پرامن سیاسی مزاحمت کا تاریخی دن ثابت ہوگا۔ اسلام آباد کی شاہراہوں پر وکلاء، اساتذہ، تاجر، طلبہ، مزدور، خواتین، نوجوان اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہری مہنگائی، پٹرولیم لیوی، ظالمانہ معاشی پالیسیوں اور بے تحاشا ٹیکسوں کے خلاف بھرپور عوامی احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔ عوام کا یہ اجتماع حکمرانوں کو واضح پیغام دے گا کہ معاشی استحصال اور عوام دشمن پالیسیوں کو مزید قبول نہیں کیا جائے گا۔

انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو گھروں سے نکلیں، اپنے اہلِ خانہ اور ساتھیوں کے ہمراہ احتجاج میں شریک ہوں اور عوامی حقوق، سستی توانائی اور معاشی انصاف کی اس جدوجہد کا حصہ بنیں۔