بااختیار بلدیاتی نظام اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی عوامی مسائل کا حل

نائب امیرجماعت اسلامی و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی ضلع مری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بااختیار بلدیاتی نظام اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہی عوامی مسائل کے حل اور عوام کا اعتماد بحال کر سکتا ہے۔ پنجاب حکومت کی بڑی نا اہلی اور ناکامی ہے کہ پنجاب کے 13 کروڑ عوام شہری بلدیاتی اور بااختیار نظام سے محروم ہیں۔ آئینی ذمہ داری اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات سے فرار کے لئے پنجاب حکومت نے بار بار بلدیاتی ایکٹ میں بدنیتی پر مبنی ترامیم کر کے عملاً عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ مسلم لیگ ، پی پی اور سول ملٹری اسٹیلشمنٹ اس امر پر متفق ہیں کہ بلدیاتی نظام بااختیار نہیں ہونا چاہیے۔ انتخابات انجینئرڈ ہوں اور اسٹیلشمنٹ ان کے سرپر ہاتھ رکھے اوریونیورسٹیز کالجز میں طلبہ یونیز انتخابات نہ کرا کے یوتھ کو قیادت کے منصب پر آنے سے روکا جائے۔ مقتدر طبقوں اور باری باری اقتدار لینے والی جماعتوں کو اپنا مائنڈ سیٹ بدلنا ہو گا۔ ایشوز کو اپنی مرضی سے بڑا بنا کر پیش کر دیناایڈہاک ازم اور اسٹیس کو مسلط رکھنے کے لئے مقتدر طبقوں کا مرغوب مشغلہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے کہا کہ مسلم لیگ، اور پی پی پی کا ٹکراؤ ، صوبوں پر نہیں مفاداتی ٹکراؤ ہے، انجینئرڈ نوراکشی عوام کے ساتھ کھلی دھوکہ بازی ہے عملاً یہ اسٹیبلشمنٹ کے نمبر ایک مہرے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ میاں نواز شریف صاحب نے پارٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ محسن نقوی کے بیان کو نظر انداز کر دیا جائے لیکن محسن نقوی کی کمان سے تیر نکلا ہے یا نکلوایا گیا ہے اس سے ہائبرڈ نظام اور عوام دشمن بوسیدہ ناکارہ نظام بے نقاب ہو گیا ہے ۔ نظام کی تباہی اور بربادی اس لئے آئی ہے کہ قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف کیا گیا اورآئین پاکستان سے سب نے کھلواڑ کیا ہے۔ اب یہ امرنوشتہ دیوار ہے کہ انجینئرڈ انتخابات ، آر ٹی ایس کا بند کرنا ، 35 پنکچرلگانا اور فارم 47 کے ذریعے جعلی مینڈیٹ تخلیق کر کےحکومتیں مسلط کرنے کا ہر حربہ ناکام ہو گیا ہے یہ عوام کو نظام کا باغی بنا رہا ہے ۔غلط سمت میں مزید غلط اقدامات بڑی تباہی کا باعث بنیں گے۔ یہ وقت ہے کہ بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، آزاد کشمیر کی انتہائی تشویشناک صورت حال پر مقتدر طبقے اور قومی سیاسی جمہوری قیادت قومی ڈائیلاگ ، قومی ترجیحات اور متفقہ قومی ایکشن پلان کی طرف آگے بڑھیں، وقت ہاتھ سے نکل رہا ہے اور پاکستان دشمن قوتوں کی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں کے مقابلہ میں عوامی بے اعتمادی کی وجہ سے پیدا ہونے والی کمزوری کا ازالہ کیا جائے