یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بچوں اور نوجوانوں کے لیے تقریبات کا انعقاد

اسلام آباد: یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام سہالہ، لہتراڑ روڈ، غوری ٹاؤن، آئی نائن، جی ٹین، جی فورٹین، آئی فورٹین، جھنگی سیداں اور دیگر علاقوں میں بچوں اور نوجوانوں کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ آزادی کی ان تقریبات میں بچوں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ مختلف مقامات پر ریلیاں ، ملی نغموں، تقاریر، کھیلوں کے مقابلوں ،شجرکاری اور دیگر قومی و تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر نائب امراء جماعت اسلامی اسلام آباد ملک عبدالعزیز اور ڈاکٹر طاہر فاروق جبکہ ناظم زون طاہر خان نے خطاب کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد ڈاکٹر طاہر فاروق نے جی سیکٹر اور ایف سیکٹر میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے آزادی کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ملک کی بقا، سلامتی اور ترقی نظریۂ پاکستان سے وابستہ ہے۔ نئی نسل کو قیام پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سہالہ میں منعقدہ پاکستان زندہ باد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی ملک عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جس کی قدر اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ناظم زون طاہر خان نے آئی سیکٹر کی مختلف سرگرمیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان آگے بڑھیں اور پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔ تعلیم، کردار اور صلاحیتوں کے ذریعے نوجوان پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جا سکتے ہیں