الخدمت رازی ہسپتال میں “اسلامی طب اور ہوم بیسڈ ہیلتھ کیئر” پر کانفرنس کا انعقاد

الخدمت رازی ہسپتال راولپنڈی میں ابوعلی الحسین ابن سینا اور ابو بکر محمد ابن زکریا الرازی کی علمی و طبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے “ابن سینا اینڈ امام رازی کانفرنس” کے نام سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹرز ، نرسز اور دیگر طبی عملے نے شرکت کی۔
کانفرنس کا موضوع “اسلامی طب اور ہوم بیسڈ ہیلتھ کیئر” تھا۔یہ کانفرنس الخدمت رازی ہسپتال، ابنِ سینا انسٹیٹیوٹ، ورلڈ ایجنگ کونسل اور انسٹیٹیوٹ فار اے آئی اینڈ ڈیجیٹل پالیسی (IIADP) کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔
مہمانِ خصوصی ترکیہ سے نامور جیرونٹولوجسٹ (ماہرِ عمرانیات و طبِ ضعیفی)، ابنِ سینا انسٹیٹیوٹ کے بانی و سی ای او اور ورلڈ ایجنگ کونسل کے صدر ڈاکٹر کمال ایدن (Dr. Kemal Aydın) تھے۔ حسن اتفاق سے ڈاکٹر کمال ایدن علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور کے گریجویٹ بھی ہیں ۔
کانفرنس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا۔ الخدمت رازی ہسپتال کے چیئرمین انجینئر ابو عمیر زاہد نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عثمان ظفر نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر کمال ایدن نے اپنے کلیدی خطاب میں اسلامی طب کے سنہری اصولوں اور جدید دور میں گھر پر فراہم کی جا سکنے والی طبی سہولیات (Home-Based Healthcare) کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے عمر رسیدہ افراد کی نگہداشت اور اس شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اپنے وسیع تجربات بھی شیئر کیے۔اس موقع پر الخدمت رازی ہسپتال اور ابنِ سینا انسٹیٹیوٹ اور رازی ہسپتال کے مابین “ہسپتال ایٹ ہوم پروگرام” کے تحت مشترکہ تعاون کی ایک اہم یادداشت (MoU) پر دستخط بھی کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں سووینئرز اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ تقریب کا اختتام کلماتِ تشکر اور دعائیہ کلمات سے ہوا۔