وفاقی دارالحکومت کے ہسپتال پمز میں چیف ٹیکنیشن کی بھرتی کا عمل روک دیا گیا۔
اسلام آباد کے سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں چیف ٹیکنیشن (بی ایس 16) کی بھرتی کا عمل جاری تھا جسے فوری طور پر روک دیا گیا۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے بھرتی کا عمل روکنے سے متعلق پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے امیدواروں کو تازہ صورت حال سے آگاہ کر دیا۔
ایف پی ایس سی کے پبلک نوٹس کے مطابق وزارت قومی صحت نے چیف ٹیکنیشن پمز کی اسامی کے لیے ایف پی ایس سی کو ارسال کی گئی ریکوزیشن واپس لے لی ہے، ریکوزیشن بھرتی کے قواعد میں ترمیم کے باعث واپس لی گئی۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ چیف ٹیکنیشن کی بھرتی کے موجودہ کیس پر مزید کارروائی نہیں کی جائے گی۔
ایف پی ایس سی نے امیدواروں کو اس پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی بھرتی یا نظرثانی شدہ قواعد کے تحت عملدرآمد کے حوالے سے فی الحال کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب چیف ٹیکنیشن بی ایس 16 کی اسامی پمز میں وزارت قومی صحت کے ماتحت ہے۔
