این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب سے قبل سیاسی صف بندی میں اہم تبدیلی سامنے آگئی، پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار دستبردار ہوں گے اور کارکن ن لیگ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ جذبۂ خیرسگالی کے تحت کیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری سعود مجید نے کہا کہ این اے 168 کے امیدوار کا حتمی فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کرے گی۔ ن لیگ کی جانب سے ملک منیر چنڑ اور سعد مسعود کے کاغذات نامزدگی جمع ہیں۔
پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کے اجلاس میں بھی ضمنی انتخاب سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے تمام امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لیں گے۔
واضح رہے کہ این اے 168 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی، جس پر ضمنی انتخاب 27 ستمبر کو ہوگا۔
