نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیدنا محمدﷺ پوری اُمت کی وحدت، عقیدت کا مرکز ہیں، اسلام دشمن قوتیں وحدت کے اِس مرکز کو کمزور کرنے کےلئے اُمتِ محمدیہؐ کو فرقوں، تفرقوں اور تعصبات میں مبتلا کرنے کا ہر حربہ استعمال کرتی ہیں، اُمتی انجانے میں اغیار اور رسول اللہ ﷺ کی شریعت، اُسوہِ حسنہ کے دشمنوں کے جال میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دُنیا میں طاقت ور قوتوں اور ذہین و فتین لیکن مذہب بے زار لوگوں نے انسانوں کو غلام بنانے کے نظام بنائے لیکن سب ناکام ہوگئے، محمدﷺ کی لائی ہوئی شریعت اور آپؐ کا اُسوہ حسنہ ہمیشہ زندہ رہے گا اور اِس کی پیروی سے ہی انسانیت کو وحدت، عزت، وقار، باہمی احترام اور پائیدار ترقی مِل سکتی ہے۔ عالمی استعماری نظام زمین بوس ہورہا ہے، اشتراکیت کے بعد مغربی تہذیب اور سرمایہ دارانہ نظام ناکامی سے دوچار ہے، مستقبل اسلام اور باعمل اہلِ ایمان کا ہے۔ پاکستان دو قومی نظریہ اور نظامِ مصطفٰےﷺ کے قیام کے لئے ہی قائم ہوا ہے، قرآن و سُنت کی بالادستی، باہم احترام، وحدت و یکجہتی اور آئین کی فرمانروائی، عدل و انصاف ہی پاکستان کی طاقت ہے۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ، لاہور میں دھرنا احتجاجی تحریک کے آئندہ مراحل کےلئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات اور مشاورت میں شرکت کی۔ مجلس وحدتِ مسلمین کے زیراہتمام عشقِ پیغمبرِ اعظمؐ کانفرنس سے خطاب کیا، آزاد جموں و کشمیر کے سینئر رہنما راجہ محمد یٰسین کی جانب سے جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان کے اعزاز میں عشائیہ تقریب میں شرکت کی اور اسلام آباد، راولپنڈی کی تاجر تنظیموں سے 3 ستمبر ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے ملاقاتیں کیں۔ اِس موقع پر نصراللہ رندھاوا، کاشف چوہدری، سیّد عارف شیرازی، راجہ محمد جواد خان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں کا بدترین طرزِ حکمرانی عوام کےلئے عذاب بن گیا ہے۔ مہنگی بجلی، بدترین لوڈشیڈنگ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی ناقابلِ برداشت قیمتیں قومی معیشت کےلئے ڈیتھ وارنٹ بن گئی ہیں۔ 15 دِن سے لاہور، پشاور، کراچی میں جاری دھرنے، ملک بھر میں احتجاجی کیمپ اور فیصل آباد میں عظیم الشان جلسہ عام نے اعلان کردیا ہے کہ عوام جماعتِ اسلامی کے پٹرول لیوی بھتہ کے خاتمہ کے مطالبہ کے ساتھ ہیں۔ حکمرانوں کے پاس کوئی دلیل نہیں، حکمرانی کے نشے میں مست ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کوئٹہ، بلوچستان دھرنا کے شرکاء سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ملک بھر کے دھرنوں کے ساتھ دھرنے کا آغاز قومی وحدت اور عوامی مسائل کے حل کی طاقت ور آواز ہے۔ جماعتِ اسلامی کے دھرنے قومی وحدت اورو غریب، پِسے ہوئے طبقات کو جوڑنے کا ذریعہ بن گئے ہیںَ 3 ستمبر کی ملک گیر ہڑتال 25 کروڑ عوام کی شاندار ترجمانی اور حکومت کو عوامی ریلیف دینے پر مجبور کردے گی۔ پُرامن سیاسی، جمہوری، آئینی مزاحمت جمہوریت اور عوام کی طاقت ہے۔#
