راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے نالہ لئی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر چلی گئی، راولپنڈی میں نالہ لئی پر گوالمنڈی کے اطراف میں فوج طلب کر لی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کے مطابق راولپنڈی میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہو چکی، پچھلے 3 سال میں سب سے زیادہ بارش آج ریکارڈ ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بارش کا سب سے بڑا اثر نالہ لئی پر پڑ رہا ہے، نالہ لئی میں گرنے والے نالے بیک فلو کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پانی باہر آ رہا ہے، امید کر رہے ہیں 1 گھنٹے میں صورتِ حال نارمل ہونا شروع ہو جائے گی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ آبادیوں کے انخلاء کی ٹیمیں نشیبی علاقوں میں روانہ کر دی ہیں، راولپنڈی نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ملحقہ نالوں کا پانی آبادیوں میں داخل ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح کم ہو گئی تو نشیبی علاقوں سے پانی نکلنا شروع ہو جائے گا، اس وقت کٹاریاں میں پانی کی سطح اپنے بلند ترین مقام پر ہے، اس کا اثر گوالمنڈی پر آ رہا ہے، ایک گھنٹے میں صورتِ حال بہتر ہونے لگے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق پاک فوج، ریسکیو 1122 اور تمام ادارے موجود ہیں، ابھی تک ہمیں 2 ایمرجنسی کالز موصول ہوئی ہیں، جن علاقوں میں پانی جمع ہوا وہاں معمول ہے، پانی اکٹھا ہو جاتا ہے، ٹرپل ون بریگیڈ ہمارے ساتھ رابطے میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان سٹی کے علاقوں کے لیے کیا ہے، عام شاہراہوں پر بھی پانی ہے، بچوں کو اسکول آنے جانے میں مسئلہ ہو سکتا تھا، تمام ادارے ضلعی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔
