اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت

ملک کی اعلیٰ قیادت اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت اور شہدا کے لواحقین اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ اظہار افسوس کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے پرانا پولیس لائنزمسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے، صدر آصف زرداری
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے پر اظہارِ افسوس کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اورزخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں .خوارجیوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے، واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، اسپتالوں میں زخمیوں کے فوری علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مزید ہدایت کی کہ شدید زخمیوں کو ضرورت کے مطابق دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کوہاٹ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے. انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، گورنر خیبرپختونخوا
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے،وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے، متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔کوہاٹ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،زخمیوں کو اسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے، اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت اقدام ہے. دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔غم کی اس گھڑی میں شہداء کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔دہشت گردوں کی مذموم کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔