انتظامیہ کنٹینرز ہٹا دے، ڈی چوک پر دھرنے کی درخواست دے دی: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد
اسلام آباد————-امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ جماعت اسلامی کا احتجاج تاریخ ساز اور مکمل طور پر پرامن ہوگا۔ مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر پڑاؤ ہوگا اور جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اسلام آباد زبیر صفدر، ڈپٹی سیکرٹری تصور کاظمی اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے نام پر اربوں روپے عوام کی جیبوں سے نکلوائے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ واضح ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے تو پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات میں جماعت اسلامی نے اپنا مؤقف مدلل انداز میں پیش کیا اور متبادل ریونیو ذرائع کے حوالے سے بھی تجاویز دی ہیں۔
انجینئر نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال اپنی جگہ موجود ہے۔ ملک بھر سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ جماعت اسلامی کا احتجاج آئینی، قانونی اور جمہوری حدود کے اندر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کے بعد مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر دھرنا جاری رہے گا۔ جماعت اسلامی اپنے مطالبات کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور کسی دباؤ یا رکاوٹ کے باعث اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انجینئر نصراللہ رندھاوا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی سڑکیں کھلی رکھی جائیں اور انتظامیہ کنٹینرز لگا کر عوام کا راستہ نہ روکے۔ کنٹینرز فوری طور پر ہٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جماعت اسلامی نے ڈی چوک پر دھرنے کے لیے انتظامیہ کو درخواست بھی دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مارچ کے انتظامات کے لیے 20 انتظامی کمیٹیاں اور 50 ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انتظامیہ بھی ان کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کرے تاکہ مارچ میں شریک ہونے والے افراد کے لیے بنیادی سہولیات اور دیگر انتظامات بہتر انداز میں یقینی بنائے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کا اسلام آباد مارچ، اسلام آباد کی تاریخ کا ایک بڑا اور تاریخ ساز اجتماع ہوگا۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر مجموعی طور پر دھرنے کے انتظامات کے ذمہ دار ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ دھرنے میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو خوش آمدید کہیں گے اور تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو بھی اسلام آباد مارچ اور دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔
