اسلام آباد——
نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے یومِ یکجہتی فلسطین و شہداء کے موقع پر کہا کہ ملک بھر میں علماء کرام، خطیب صاحبان نے مسئلہ فلسطین، فلسطینیوں کی عظیم قربانیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور امریکہ و اسرائیل کے ظلم و جبر، قتل و غارت گری کی مذمت کرتے ہوئے عالمِ اسلام کے اتحاد کی ناگزیر ضرورت کو اُجاگر کیا۔ لیاقت بلوچ نے خطاب میں کہا کہ مشرقِ وسطٰی کی جنگ نئی خطرناک صورتِ حال میں داخل ہوگئی ہے۔ یمن اور بحیرہ احمر کو نیا میدانِ جنگ بنادیا گیا ہے۔ امریکہ عملاً شکست سے دوچار ہے، اسرائیل کی ناجائز سرپرستی اُس کےلئے پوری دُنیا میں ذِلّت و غیرمقبولیت کا سبب بن گئی ہے۔ سعودی عرب اور یمن کے درمیان مسلسل بڑھتی کشیدگی اور سعودی عرب پر حملوں نے پوری دُنیا کے مسلمانوں کو بڑی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ حرمین الشریفین کی حفاظت تمام اہلِ ایمان کا مشترکہ فرض ہے۔ مکہ دفاعی اتحاد بہت اہم ہے؛ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ دفاعی معاہدہ پر عملدرآمد کےلئے احتیاط کا دامن پکڑے ہوئے ہیں لیکن کسی بھی بڑے المیہ سے بچنے کےلئے پاکستان، ایران اور ترکیہ کو ترجیحی بنیاد پر سفارتی، مذاکراتی ذرائع استعمال کرکے سعودی عرب-یمن تنازعہ کا حل نکالنا چاہئے، وگرنہ جنگ کی شدّت اور تنازعہ کی خطرناکی پوری دُنیا کی معیشت اور سلامتی کےلئے بڑا خطرہ بن جائے گی۔ عالمِ اسلام کے اکابر علماء اور مدبر قائدین سعودی عرب، یمن، پاکستان، افغانستان کے درمیان تنازعات اور کشیدگی کے خاتمہ کےلئے کردار ادا کریں، بڑھتے معاشی خطرات انسانوں کےلئے بڑے المیے رونما کررہے ہیں، بدترین معاشی بحران ہر حکومت کے زوال کا باعث بن رہا ہے۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اور جماعتِ اسلامی کے رہنما خواجہ محمد طارق مرحوم کے انتقال پر نمازِ جنازہ کی امامت اور خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اور مقتدر اسٹیبلشمنٹ 25 کروڑ عوام کی بیداری اور اُن کے اُبھرتے، بڑھتے بغاوت پر مبنی جذبات کو پہچانیں، حکمرانوں کی اندھی طاقت کے استعمال کا ڈاکٹرائین اب نہیں چل سکتا، حکومت کی کوئی رِٹ نہیں، پورا نظام فرسودہ، بدبودار اور زوال پذیر ہے۔ عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ پیداواری لاگت، بجلی، تیل، گیس کی مہنگی قیمت نے اِن روزمرہ ضروریاتِ زندگی کی خریداری اور استعمال ناقابلِ برداشت بنادی ہے۔ معاشی پہیہ جام ہے، بےروزگاری بڑھتی جارہی ہے، عوام خطِ غربت سے مسلسل نیچے گِرتے چلے جارہے ہیں، حکومتوں کے مصنوعی اعلانات اور تشہیری مہمات عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، سیاسی بحران کا حل سیاسی بنیادوں پر تلاش کریں، پٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے عذاب کا خاتمہ کریں۔ جماعتِ اسلامی پٹرولیم لیوی بھتہ کا خاتمہ چاہتی ہے، وزیراعظم آگے بڑھیں اور اس سلسلے میں راست اقدام کریں۔ جماعتِ اسلامی کا ملتان سے اسلام آباد سُپرلانگ مارچ چلے گا، ملک بھر میں حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں تیاریاں مکمل ہیں۔#
