سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول کی طالبات کے لیے کمپیوٹر لیبارٹری کا تحفہ
اپنی کارپوریٹ سماجی ذمداریوں کے طور پر، سوئی سدرن گیس کمپنی نے SMB فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اسے مالی معاونت فراہم کی تاکہ وہ اپنے اسکول کی کم مراعات یافتہ طالبات کے لیے کمپیوٹر لیبارٹری قائم کر سکیں. ایک غیر منافع بخش تنظیم، زندگی ٹرسٹ کی طرف سے اپنایا گیا یہ اسکول، کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع ہے جو پچھلے 16 سالوں سے غریب گھرانوں کی بچیوں کو بہترین تعلیم فراہم کر رہا ہے. سوئی سدرن نے اس لیب کو قائم کرنے کے لئے اسکول کو 30 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، مانیٹر اور فرنیچر کی خریداری میں مطلوبہ معاونت فراہم کی ہے.
اس کمپیوٹر لیبارٹری کا باقاعدہ افتتاح سوئی سدرن کے کارپوریٹ کمیونیکیشنز اور سی ایس آر کے سربراہ سلمان احمد صدیقی نے اسکول انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران کیا. اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن نے گزشتہ کئی سالوں سے ایسی غیر منافع بخش تنظیموں کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے جو پیشہ ورانہ تعلیم پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے معیار تعلیم کو بڑھانے کے لیے سرگرم ہیں. انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ کمپیوٹر لیب ان بچیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے معاون ثابت ہوگی. کمپیوٹر لیب کے افتتاح کے بعد دعا کی گئی.
زندگی ٹرسٹ، پاکستان کے صفِ اول کے گلوکار شہزاد رائے نے قائم کیا گیا ہے۔ یہ ٹرسٹ اس یقین کے ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے کہ یہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے. ٹرسٹ اسکولوں کے ساتھ مل کر ایسے ماڈلز بنانے کے لیے کام کرتا ہے جو جامع تعلیم فراہم کرتے ہیں اور پھر ان اسکولوں میں اصلاحات میں پالیسی تبدیلیوں کے لئے کوشاں رہتے ہیں جو آگے جا کر بڑے پیمانے پر تبدیلی کا باعث بن سکتے ہیں. زندگی ٹرسٹ کئی سالوں سے کراچی میں دو سرکاری اسکول، ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول اور خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول چلا رہا ہے اور دونوں اداروں کو مثالی ماڈل اداروں میں تبدیل کر چکا ہے .ٹرسٹ نے 2007 میں ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز اسکول کو اپنانے کےبعد انرولمنٹ کو 500 سے بڑھا کر 2،200 کر دیا جبکہ خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز اسکول کو 2015 میں اپنانے کے بعد انرولمنٹ کو 400 طالب علموں سے بڑھا کر 870 تک پہنچا دیا.
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سلمان صدیقی نے کم مراعت یافتہ طبقات کی مدد کے لیے سوئی سدرن کے عزم کا اعادہ کیا. انہوں نے کہا کہ جہاں برسہا برس سے ادارے کے سماجی ذمداریوں کی مد میں کئے گئے اقدامات بشمول تعلیم، صحت، ماحولیات اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر مرکوز ہیں، وہیں پر تکنیکی تعلیم کے شعبے میں معاونت پر گذشتہ کئی برسوں میں خاصا زور دیا گیا ہے. انہوں نے اسکول میں قابل ستائش انداز میں درس و تدریس کے رائج ایک بہترین تعلیم کے لئے اساتذہ اور طلباء کے جذبے اور اُنکی لگن کو سراہا. اسکول کی پرنسپل میڈم شہناز ہنزائی نے سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ کے اس تعاون پر شکریہ ادا کیا جو ان کم مراعات یافتہ لڑکیوں کی مہارت کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا .اس موقع پر میڈم شہناز نے سلمان صدیقی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا. اس کمپیوٹر لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پر سوئی سدرن کی کارپوریٹ کمیونیکیشن منیجر ہدا قریشی اور ایگزیکٹو ذوبیہ صادق بھی موجود تھیں.