حمیدہ شریف تھنک ٹیکنس کے زیر اہتمام سقوط ڈھاکا 16 دسمبر کے حوالے سے نیشنل پریس کلب میں ایک تقریب ہوئی جس میں سینئر اخبار نویس سید سعود ساحر اور پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی محمد نواز رضا نے اظہار خیال کیا اور سقوط ڈھاکا کے واقعہ پر روشنی ڈالی تقریب میں آرآئی یو جے کے صدر خاور نواز راجا“ فیصل رضا‘ سابق صدر مظہر اقبال‘ عزیز علوی‘ میاں منیر احمد‘ وجیہہ احمد صدیقی‘ مرزا عبدالقدوس‘ شوکت ملک اور دیگر شریک ہوئے سید سعود ساحر نے کہا کہ سولہ دسمبر کا دن ہماری سیاسی تاریخ کا بدترین سیاہ دن ہے اس روز وطن عزیز دو لخت ہوا انہوں نے کہا کہ جو کردار وطن عزیز کے ٹوٹنے کا باعث بنے قدرت نے انہیں طبعی موت کی بجائے عبرت ناک موت دی اندرا گاندھی اور شیخ مجیب الرحمن دونوں اپنے گارڈز کے ہاتھوں مارے گئے اور ذولفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان اور مغربی پاکستان پر مشتمل ایک وطن دنیا میں ایک قوت تھا اور اسلامی دنیا کے لیے فخر تھا مگر بھارت اور عالمی سامراج کی سازشوں کے باعث ہمارا وطن ٹوٹ گیا جنرل اے کے نیازی نے پلٹن میدان میں ہتھیار ڈالے اور ہماری سیاسی تاریخ میں سیاہ ترین دن لے آئے انہوں نے نوجوان اخبار نویسوں سے کہا کہ وہ اپنے ملک کی تاریخ یاد رکھیں اور اسے اپنے ذہنوں سے محو نہ ہونے دیں اور پاکستان سے پیار کریں یہ بہت عظیم ملک ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مشرقی پاکستان بچانے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں سیاسی غلطیوں کے باعث ہمیں یہ دن دیکھنا پڑا پی ایف یو جے دستور کے صدر حاجی نواز رضا نے کہا کہ البدر اور الشمس نے پاک فوج کے شانہ بشانہ کام کیا اور ملک بچانے کی کوشش کی انہوں نے کہا کہ وہ پیشہ وارانہ فرائض کے لیے جب بنگلہ دیش گئے تو ایئر پورٹ پر وہ آنسوؤں کے ساتھ اترے کہ یہ خطہ کبھی ہمارے ملک کا حصہ تھا اور آج ایک الگ ملک بنا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بھٹو دور میں اسلامی سربراہی کانفرنس بھی بنگلہ دیش تسلیم کرنے کے لیے بلائی گئی تھی انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم حسینہ واجد نے اقتدار میں آکر چن چن کر ان لوگوں کو پھانسی دی جنہوں نے مشرقی پاکستان بچانے کے لیے کام کیا تھا ان میں ملا قادر‘ صلاح الدین‘ میر قاسم اور دیگر شامل تھے اب بنگلہ دیش میں روز نامہ سنگرام کے ایڈیٹر عبدالاسد کو ملا قادر کو شہید لکھنے پر گرفتار کیا گیا ہے اس کا مطلب ہے کہ ابھی تک وہاں کی حکومت کا غصہ جاری ہے
