اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد  کل دوبارہ شروع

 قومی اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد  کل دوبارہ شروع ہو گا ، صدارتی خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک بحث کے لیے پیش کی جائیگی ۔ طوفانی بارشوں سے ملک بھر میں پیدا شدہ صورتحال سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش ہو گا جبکہ ارکان کی نشستوں پر صدر پاکستان کے حالیہ خطاب کی مصدقہ نقل بھی رکھی جائیگی اور وزیر قانون باضابطہ طور پر اس بارے میں ارکان کو آگاہ کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد دوبارہ اسپیکر ایاز صادق  کی صدارت میں ہو گا ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک پر غیر قانونی تجاوزات و تعمیرات کا  معاملہ بھی ایجنڈے پر آ گیا ۔ سات نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے اور موجودہ قومی اسمبلی کا چوتھا سیشن جاری ہے ایوان میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی تین سال قبل کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2021 ء پیش کی جائیگی سب سے اہم ایجنڈا آئٹم صدر آصف علی زرداری سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اٹھارہ اپریل کو خطاب پر اظہار تشکر کی تحریک ہے ۔ تحریک پر بحث کے دوران اپوزیشن نے ایوان صدر پر تنقید کا لائحہ عمل وضع کر لیا اس اہم ترین بحث کے دوران صدر کی جانب سے سیاسی جماعتوں کے انتخابی دھاندلی سے متعلق الزامات کے حوالے سے اظہار خیال نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا جائیگا ۔ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ارکان کی طرف سے حالیہ دنوں میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں فصلوں اور املاک کی وسیع پیمانے کی تباہی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں