پاکستان سمیت دنیا بھرمیں آج محنت کشوں کا دن آج منایا گیا، مزدوروں کے عالمی دن پر ملک بھر میں ریلیاں، مظاہرے اور سیمینار منعقد ہوئے۔
کراچی میں ریلوے مزدور یونین کی ریلی منعقد ہوئی جس میں ٹریڈ یونین پر پابندی اور اداروں کی نجکاری روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔
ہوم بیسڈ یمنز ورکرز فیڈریشن پاکستان اور نیشنل ٹریڈ یونین پاکستان کے تحت ریلی ریگل چوک سے پریس کلب تک نکالی گئی جس میں خواتین، سمیت مزدور رہنما شریک ہوئے۔
لاہورمیں ریلوے سی بی اے یونین کے کارکنوں نے مزدوروں کے عالمی دن پر ریلی نکالی جبکہ راولپنڈی میں بھی محنت کشوں نے ریلی نکالتے ہوئے حکومت سے لیبر قوانین میں اصلاحات کا مطالبہ کیا۔
ادھر کوئٹہ میں بھی مزدوروں کے عالمی دن پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، اس کے علاوہ ملتان، وہاڑی، فیصل آباد، سرگودھا اور کمالیہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی مزدوروں نے ریلیاں نکالیں۔
دوسری جانب حیدرآباد، نوابشاہ، خیرپور، لاڑکانہ، سکھر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔
ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں ریلیاں نکال کر مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیاگیا۔
خضدار، نصیر آباد، جھل مگسی، صحبت پور، بولان،ڈیرہ بگٹی اور سبی سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی مزدور یونین اور تنظیموں نے ریلیاں نکالیں۔